اپر چترال میں بجلی کے لوڈ شیڈنگ کے خلاف تحریک حقوق عوام کے زیر اہتمام احتجاجی جلسہ، ایک ہفتے کے اندر بجلی کا مسئلہ حل کیا جائے/مطالبہ

اشتہارات

اپر چترال(نا مہ نگار)تحریک حقوق عوام اپر چترال کے زیر اہتمام بجلی کی حالیہ بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف چرون کے مقام پر ایک زبردست جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک حقوق عوام کے رہنماؤں کے علاوہ بڑی تعداد میں علاقے کے سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اپر چترال میں بجلی کے مسئلے پر تفصیلی روشنی ڈالی اور متعلقہ اداروں اور ذمہ داراں کو کھل کر تنقید کا نشانہ بنایا۔احتجاجی جلسے میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں بجلی کی فوری بحالی کے مطالبے کے ساتھ ساتھ اپر چترال کے لیے الگ گرڈ سٹیشن پر کام شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس ضمن میں ایک ہفتے کا ٹائم دیاگیا۔ اس سلسلے کا اگلا جلسہ 3 فروری کو بونی میں منعقد کیا جائے گا اور مسائل حل ہونے یا نہ ہونے کی صورت میں اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں شرکاء نے کمانڈنگ چترال سکاؤٹس سے بھی مسئلے کے حل میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی اور ساتھ ساتھ عوامی نمائندوں ایم۔این۔اے، ایم۔پی۔اے اور صدر پاکستان تحریک انصاف اپر چترال رحمت غازی سے جلسے میں تشریف لاکر مسئلے کے حل کے سلسلے میں کئے گئے کوششوں سے عوام کو آگاہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔