145

چترال میں منشیات کیخلاف اقدامات کو مزید سخت کیا جارہا ہے/ڈی پی او لوئر چترال کی صحافیوں سے گفتگو


چترال(بشیرحسین آزاد)ڈی پی او لوئر چترال سونیا شمروز خان نے کہا ہے کہ ضلع کے اندر منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائینگے۔ چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین کی قیادت میں صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران ڈی پی او نے کہا کہ خواتین میں خود کشی کے واقعات کا سدباب کرنے، چترال شہر میں موٹر گاڑیوں کی ٹریفک کا نظام بہتر بنانے اور عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کو کم سے کم کرنے سلسلے میں اقدامات اٹھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشی چترال میں مسئلے کی صورت اختیار کر گئی ہے جس سے نمٹنے کے لیے روایتی انداز سے ہٹ کر اقدامات کئے جائیں گے اور منشیات سپلائی کرنے والوں کا قلع قمع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی خودکشی کے وجوہات کی تہہ تک پہنچنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو کسی بھی شکایت کی صورت میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا جس پر فوری طور پر ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے نظام کو مستحکم کیا جائے گا اور خصوصاً کم عمر موٹر سائیکل سواروں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔