بونی(نامہ نگار)تحریک حقوق عوام اپر چترال کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ موجودہ وقت میں گندم کے جو ٹریلر اپر چترال آرہے ہیں وہ حد سے زیادہ لوڈ لیکر آتے ہیں۔ ان اوور لوڈڈ ٹرالرز کی وجہ سے علاقے میں پہلے سے مخدوش حالت میں موجود پل ڈھا جانے کا خطرہ ہے،خصوصاََ برنس پل جو حال ہی میں مرمت کرکے ٹریفک کے قابل بنایا گیا ہے۔ اس تناظر میں متعلقہ اداروں خصوصاََ سی اینڈ ڈبلیو کے ذمہ داراں سے تحریک حقوق عوام اپر چترال کے پلیٹ فارم سے گزارش کی گئی ہے کہ روڈز اور پل کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے لوڈ گزارنے کی اجازت دی جائے۔ خدانخواستہ اگر کوئی پل ٹوٹ جاتا ہے تو اس کی بحالی عوام اور ادارے کیلئے درد سر بن جاتا ہے۔ لہذا اوور لوڈڈ ٹرک خصوصاً گندم لانے والے ٹرالرز کو چیک کیا جائے اور ممکنہ حد کے لوڈ کے ساتھ پل کراس کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔