بونی میں محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ”ہماری منزل زرعی خود کفالت” کے موضوع پر ایک روزہ پروگرام کا انعقاد

اشتہارات

بونی(کریم اللہ)اپرچترال کے ہیڈکوارٹر بونی میں محکمہ زراعت چترال کے زیر اہتمام ”ہماری منزل زرعی خود کفالت” کے موضوع پر ایک روزہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں اپر چترال کے مختلف علاقوں سے زمینداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد زمینداروں کو زرعی اجناس بالخصوص گندم اور پھل داروں درختوں کی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے سائنسی طریقہ کار اپنانے اور نئے طریقوں کو استعمال کرنے نیز سبسیڈی ریٹ پر گندم کے بیج اور کھادوں کے حصول سے متعلق زمینداروں میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔ پروگرام کی صدارت اے سی مستوج شاہ عدنان نے کی۔ پروگرام کے آغاز میں ماڈل فارم سروس سنٹراپر چترال کے صدر غلام علی شاہ نے محکمہ زراعت کے اعلی اہلکاروں اور زمینداروں کو خوش آمدید کہا اس کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت چترال محمد رفیق زرعی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے مختلف امور پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے گندم کی پیداوار میں اضافے،، پھلوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے اقدامات سمیت کھادوں کے استعمال اور فصلوں کو لگنے والی بیماریوں کے خلاف استعمال ہونے والے ادویات اور اسپرے کے استعمال کے طریقہ کار سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا۔ پروگرام میں پودوں کو لگنے والی بیماروں اور ان کی تدارک سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور پودوں کی شاخ تراشی کے طریقہ کار اور ٹائمنگ پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر ماڈل فارم سروس سنٹر چترال شاہ وزیر لال نے علاقے میں زرعی پیدوار بڑھانے میں محکمہ زراعت چترال کے کردار کو سراہتے ہوئے علاقے میں سورج مکھی کے فضل پر تجرباتی طور پر کام شروع کروانے کا مطالبہ کیا۔ جس کے جواب میں ڈائریکٹر زراعت محمد نعیم نے کہا کہ اس سلسلے می محکمہ زراعت بیج فراہم کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ محکمہ زراعت کے اثاثہ جات اور بیلنس کے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اثاثہ جات کی تقسیم بالکل ہی شفاف بنیادوں پر کی جائے گی۔ دیگر مقررین میں جنرل سیکرٹری ماڈل فارم سلطان نگاہ، سابق ناظم وی سی ٹو سلامت خان وغیرہ نے بھی خطاب کیا اور علاقے کے زرعی مسائل سے متعلق اپنی شکایات پیش کی۔