اعلیٰ شخصیات کی چترال آمد کے موقع پر سی ڈی ایم کو بطور سول سوسائٹی مدعو کیا جائے/وقاص احمد ایڈوکیٹ

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)چترال ڈویلپمنٹ مومنٹ کے چیئرمین وقاص احمد ایڈووکیٹ نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ ادوار میں کسی بھی حکومتی اعلیٰ شخصیت کی چترال آمد کے موقعے پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سول سوسائٹی کو مدعو نہیں کیا جاتا رہا ہے جسکی وجہ سے ہمیشہ سول سوسائٹی اپنی آواز حکومت وقت تک نہیں پہنچاسکی جب کہ حکومتی پارٹی کے نمائندگان مصلحت کا شکار ہو کر چترال کے اہم مسائل کو حکومت کے سامنے بھرپور طریقے سے رکھ کر ان کا دفاع نہیں کر پا سکے ہیں، حالانکہ سول سوسائٹی سیاسی مصلحت سے پاک اپنی آواز مضبوط طریقے سے حکومت وقت تک پہنچا سکتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ چترال ڈویلپمنٹ مومنٹ سیاست سے پاک سول سوسائٹی کا ایک مضبوط فورم ہے جو چترال میں سڑکوں کی ابتر صورت حال کے بارے میں ہر فورم پر بلا تفریق اآواز اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر لوئیر اور اپر چترال سے مطالبہ کیاہے کہ آئندہ چترال میں حکومتی حکام اور وی آئی پیز کی آمد کے موقعے پر سول سوسائٹی کی جانب سے چترال ڈویلپمنٹ مومنٹ کو بھی نمائندگی دی جائے تاکہ سول سوسائٹی کی آواز مضبوط طریقے سے ارباب اختیار تک پہنچایا جاسکے۔ وقاص احمد ایڈوکیٹ نے کہا کہ سی ڈی ایم کی طرف سے اس سلسلے میں باقاعدہ قرارداد ڈی سی چترال لوئیر اور اپر کو بھی بھیجاگیا ہے کہ موجودہ ڈی سی لوئیر چترال کی سابقہ روایت کو ختم کرکے آئندہ سرکاری یا حکومتی حکام اور وی آئی پیز کی چترال آمد کے موقعے پر سی ڈی ایم کو بھی بطور سول سوسائٹی نمائندگی دے۔