ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ فورم آوی کے زیر اہتما م طلبہ کیلئے دوروزہ خصوصی پروگرام کا انعقاد

اشتہارات

بونی(افگن رضا)ایجوکیشن ڈویلپمنٹ فورم آوی کے زیر اہتمام دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء کے مابین حسن قرات، نعت خوانی، کوئیز، ڈرائنگ کے علاوہ اردو اور انگریزی تقریری مقابلے منعقد ہوئے۔ یہ پروگرام دو دنوں پر مشتمل تھا اور مختلف مراحل سے گزر کے طلباء نے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ اختتامی تقریب میں علاقے کے معتبرات جن میں سابق ڈی ایچ او شیر قیوم، ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر علی جبار، ریٹائرڈ سب انسپکٹرجہانگیر شاہ، ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر شیر وزیر، ریٹائرڈ پرنسپل اے کے ای ایس عزت ولی شاہ اور سوشل ورکر فیض علی سمیت طلباء و طالبات اور خواتین و حضرات نے شرکت کیں۔ فائنل مقابلوں کے لئے ججز کے فرائض نوجوان ادیب اور لکھاری عبداللہ شہاب اور معروف شاعر و ادیب منور زمان ظریف نے انجام دئیے۔ چترال کے مشہور شاعر،ادیب اور لکھاری ذاکر محمد زخمی اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مختلف مقابلوں کے لئے طلباء کے الگ الگ گروپ تشکیل دئیے گئے تھے۔


اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈی ایچ کیو ڈاکٹر شیر قیوم نے تقریب کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ایجوکیشن فورم کے نوجوانوں کو شاباش دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرامات کے انعقاد سے طلبہ میں مقابلے کا جذبہ پیدااور خود اعتمادی کو تقویت ملتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ذاکر محمد زخمی نے ایجوکیشن ڈویلپمنٹ فورم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے کے نوجوانوں ایک مثبت کام کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔ انہوں نے اس دو روزہ پروگرام کے انعقاد پر فورم کے ذمہ داروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامات کے انعقاد کے مثبت اثرات ہوتے ہیں اور نوجوان میں جذبہ پیدا ہوجاتا ہے۔ انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی تشکیل میں خواتین کا کردار سب سے بڑھ کر ہے اور ہمیں ان پر فخر ہے۔
مختلف کیٹیگری کے مقابلوں میں حسن قرات میں اریشہ عظیم اول، نعت خوانی میں شہنیلہ زیب، اردو تقریر میں مناہل اسرار اور نگریزی تقریر میں گل نامہ اول آئے جبکہ کوئیز کمپٹیشن میں زوہیب حسن اور الہام نظامی، ڈرائنگ میں مصباح رضا اور مہک رضا ٹائٹل کے حقدار ٹھرے، کریٹیو رائٹنگ میں مہک ریال انگریزی میں دومہر شباب شیلڈ کے حقدار ٹھرے۔ پروگرام کے آخر میں علاقہ معززین عزت ولی شاہ، استاد علی جبار اور شیر وزیر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے تقریب کے انعقا د پرمنتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔ مہمان خصوصی اور معززین نے پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔
واضح رہے کہ ایجوکیشن ڈویلپمنٹ فورم آوی نوجوانوں پر مشتمل ایک سماجی تنظیم ہے جو پچھلے تین سالوں سے علاقے میں مثبت انداز میں مختلف سماجی سرگرمیوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔ فورم علاقے میں نوجوانوں میں مثبت سوچ کو پروان چڑھانے، تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے، خود کشی کے خلاف آگاہی مہم، منشیات کی لعنت کے خلاف جدوجہد اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں کوششوں میں مصروف ہے۔