چترال میں یوم دفاع کی پروقار تقریب،ایم این اے، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے شرکت کی

اشتہارات

چترال(گل حماد فاروقی) ملک کے دیگر حصوں کی طرح چترال میں بھی یوم دفاع اور یوم شہداء نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ہیڈ کوارٹرز چترال سکاؤ ٹس میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالحئی نے بھی شرکت کی۔ایم این اے، ڈی سی، ڈی پی او اور کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور دعا کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی عبد الاکبر چترالی نے پاک فوج کے ان شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جن کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمارا سرمایہ افتخار ہے اور دفاع وطن کیلئے ہم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ مسلح افواج اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں نے جب بھی ضرورت ہوئی اپنا خون دیکر ملک کا دفاع کیا ہے اور دشمنوں کے عزائم ناکام بنائے ہیں، شہداء کی قربانیوں پر ہمیں فخر ہے۔ کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل محمد علی ظفر نے پاک فوج اور تمام سیکورٹی فورسز کے قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تاابد قائم اور دائم رہنے کیلئے بنا ہے اور ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے مادر وطن کا دفاع کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک طویل جدوجہد اور بڑی قربانیوں کے بعد وجود میں آیا ہے جن کی بدولت آج ہم ایک آزاد قوم کی حیثیت سے جی رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ملک و قوم کی حفاظت اور تعمیر و ترقی کیلئے دن رات محنت کریں اور پاکستان کا معیار بلند رکھنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ آپس کی اختلافات، تفرقے اور نفرتوں سے گریز کرکے ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنائیں۔
تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے طالبعلم یاسرا للہ شہید کے والد نے بتایا کہ میں خود 25 سالوں سے چترال سکاؤٹس میں خدمات انجام دے رہاہوں اور میری خواہش تھی کہ میں شہادت کا بلند درجہ حاصل کروں مگر میری قسمت میں نہیں تھا اور میرا بیٹا سانحہ آرمی پبلک سکول میں شہید ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے دس بیٹے اور بھی ہوتے ان کو بھی اور خود بھی وطن عزیز پر قربان ہونے کیلئے تیار ہوں۔ کیپٹن اجمل شہید کے والد نے بتایا کہ میں اپنے بیٹے کی شہادت پر اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کروں اتنا ہی کم ہے۔ مجھے ہر فوجی اجمل کی طرح لگتا ہے اور وقت آنے پر ہم بھی اس ملک کی دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سکول کے چند طالبات نے بتایا کہ اگر ان کو بھی موقع ملے تو وہ بھی مادر ملت پر جان نچاور کریں گی۔
بعد میں چترال سکاؤٹس کے شہداء کے ورثاء میں تحائف اور انعامات بھی تقسیم کئے گئے اور تمام شہداء کی روح کی ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت اور فاتحہ حوانی بھی کرائی گئی۔