ریشن میں سیلاب متاثرین کا احتجاجی مظاہرہ، 10ستمبر تک مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی تحریک چلائینگے

اشتہارات

اپر چترال(افگن رضا)ریشن میں سیلاب متاثرین نے احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا اور صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور نمائندگان کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ ریشن کے سیلاب متاثرین نے نادر جنگ کی صدارت میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سیلاب کے بعد متاثرین کی کوئی اشک شوئی نہیں کی گئی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگر جلد از جلد متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو اہلیان ریشن بھرپور انداز میں سڑکوں پر نکل آئینگے۔ جلسے میں حکومت کو ڈیڈلائن دی گئی کہ 10ستمبرسے پہلے پہلے بحالی کے کاموں کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نہروں اور پائپ لائن کی مکمل بحالی، ریشن گول کی صفائی، دریا کے کٹاؤ کیلئے فوری بندوبست اور چترال مستوج روڈ پر سیلاب برد ہونے والے پل کی بحالی کے لئے مقررہ تاریخ سے پہلے اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو بھرپور عوامی احتجاج شروع کیا جائیگا اور حالات خراب ہونے کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔