نگر باغ دروش میں پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے بڑے استقبالیہ تقریب کا انعقاد،درجنوں افراد نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا

اشتہارات

دروش(نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف ضلع چترال کے جنرل سیکرٹری شہزادہ فیصل صلاح الدین کی دعوت پر نگر باغ میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر سجاد احمد خان کے علاوہ دیگر قائدین، دروش سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے کارکنان کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پربڑی تعداد میں دروش کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا، پارٹی قائدین نے نئے شامل ہونے والے افراد کو ٹوپیاں پہنائیں۔ پی ٹی آئی میں شامل ہونے والوں میں سابق ناظم وی سی آڑیاں حاجی نصیر الدین، سابق ناظم وی سی عشریت اقبال الدین بھی شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر سجاداحمد خان نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ شہزادہ فیصل صلاح الدین کی دعوت پر آج کے اس تقریب میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نہ صرف پارٹی کارکنان کا خیال رکھے گی بلکہ بغیر کسی تعصب کے پورے چترال کی خدمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت پی ٹی آئی ہی لوگوں بالخصوص نوجوانوں کیلئے امید کی کرن بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا مخالف عناصر ایک سازش کے تحت پی ٹی آئی کے اندر اختلافات پیدا کرکے پارٹی کو کمزور کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں اور انکا عمران خان کے وژن اور تحریک انصاف کیساتھ کوئی ہمدردی نہیں۔ سجاد احمد خان نے کہا کہ چترال چیمبر آف کامرس کھلم کھلا پی ٹی آئی کے اندر گروپ بندی میں ملوث ہے، اسکا نوٹس لیا گیا ہے اور عنقریب صوبائی حکومت کو اس ضمن میں باضابطہ آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صوبائی حکومت سمیت دیگر سرکاری اداروں بشمول سمیڈا کے ذریعے کام کرتا ہے مگر چترال میں چیمبر آف کامرس کے وسائل اور اسکا پلیٹ فارم پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے اور اب اسکی اجازت نہیں دی جائےگی۔ سجاد احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے  پچھلی حکومت کے دور میں اسوقت میں صوبائی نائب صدر تھا اور دروش کو تحصیل کا درجہ دینے اور دروش ہسپتال کو اپگریڈ کرنے میں میرا کردار شامل ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری شہزادہ فیصل صلاح الدین نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس تقریب میں پی ٹی آئی کے کارکنان کے علاوہ دیگر دوستوں کو بلانے کا مقصد یہ ہے کہ ہم سب ملکر چترال کی ترقی کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ہم پر اعتماد کیا ہے، ہمارا اپنا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے بلکہ ہم سب عمران خان کے وژن کے مطابق ملک و قوم کی خدمت کیلئے آگے آئے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے اندر اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ہم اپنے ناراض ساتھیوں کو منالیں کیونکہ ہم سب عمران خان کے سپاہی ہیں۔ انہوں نے کہا میرے دروازے بلا کسی تفرقے کے سب کے لئے کھلے ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی تحصیل دروش کے صدر ارشاد مکرر نے کہا کہ پارٹی قیادت اب نظریاتی اور مخلص کارکنان کے ہاتھوں میں آچکی ہے، اب چند لوگوں کی اجارہ داری نہیں ہوگی بلکہ پارٹی کارکنان کو انکا مقام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر عوامی مسائل حل کرنے اور قومی خدمت کے لئے ہم تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ارشاد مکرر نے سابق تحصیل ناظم سرتاج احمد خان پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سرتاج احمد خان نے مخصوص ٹولے کی خاطر پیپلز پارٹی کو تہس نہس کردیا، اب چونکہ چترال میں پی ٹی آئی مقبول پارٹی بن چکی ہے اسلئے اسی مخصوص ٹولے کے مفادات کی خاطر سرتاج احمد نے پی ٹی آئی کو اختلافات کے ذریعے کمزور کرنے کی کوششیں شروع کی ہیں مگر پارٹی کارکنان انکے سیاسی چالوں سے واقف ہیں اور انہیں ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو استعمال کرتے ہوئے سرتاج احمد خان اپنے مفادات کو آگے بڑھا رہا ہے اور اس وقت چترال چیمبر کا ادارہ کھلم کھلا پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کے لئے میدان میں آچکا ہے مگر ہم ان عناصر کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ انشاء اللہ کارکنان انکے مذموم مقاصد کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس مختصر تقریب میں درجنوں افراد پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کررہے ہیں جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ موجودہ قیادت کے سامنے آنے کے بعد لوگوں کا اعتماد بحال ہو چکا ہے اور وہ جوق در جوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ تقریب سے پی ٹی آئی سنیئر راہنما جناح لال، آڑیاں دروش کے سابق ناظم حاجی نصیرالدین،پیر کرم الٰہی،قاری احمد علی اور اظہار دستگیر نے بھی خطاب کیا۔