تحریک حقوق عوام اپر چترال کے وفد کی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سے ملاقات، بجلی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار

اشتہارات

بونی(نامہ نگار)بجلی کی حالیہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے تحریک حقوق عوام اپر چترال کے وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اپرچترال محمد عرفان الدین سے ڈی سی آفس میں ملاقات کی، اس موقع پر پیڈو کے نمائندے بھی موجود تھے۔ وفد نے بجلی کی حالیہ بلاجواز اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور موقف اختیار کیا کہ موجودہ وقت میں پانی بھی وافر مقدار میں دستیاب ہے اور موسم بھی سازگار ہے، ان حالات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بلا جواز اور انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی سپلائی میں درپیش رکاوٹیں دور کرکے بلا تعطل اپر چترال میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وفد نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پیڈو اسٹاف کا آفس ریشن کی بجائے ہیڈکوارٹر بونی میں منتقل کیا جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے وفد کے مطالبات کی بھرپور حمایت کی اور بہت جلد پیڈو آفس ہیڈکوارٹر بونی منتقل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ موجودہ لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے پیڈو حکام نے موقف اختیار کیا کہ گرڈ سے بجلی کی کمی نہیں ہے لیکن درختوں کی شاخیں بڑھنے کی وجہ سے ہلکی سی بارش یا ہوا چلنے کی صورت میں لائنیں شارٹ ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے سپلائی میں مسئلہ ہوتا ہے۔ چند دنوں کے اندر شاخ تراشی مکمل کرکے بجلی کی بلا ناغہ سپلائی یقینی بنائی جائے گی۔ چونکہ اپر چترال کی ٹرانسمشن لائنیں بہت لمبی ہیں جو کہ جوٹی لشٹ سے شروع ہوکر تریچ موڑکہو، شاگرام تورکہو اور پرواک بیار تک پھیلی ہوئی ہیں اس لیے شارٹ ڈھونڈنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ اس حوالے سے تحریک حقوق عوام ہر علاقے کے عوام سے خصوصی گزارش کرتی ہے کہ اپنے علاقوں میں ٹرانسمشن لائنوں کے ساتھ درختوں کی شاخیں جہاں بھی ٹکراتی ہیں ان کی نشاندھی کریں تاکہ شاخ تراشی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اس کے بعد بجلی کی سپلائی میں ان شاء اللہ کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔۔