لوئر چترال کے 98 قرنطینہ مراکز میں اسوقت ڈیڑھ ہزار افراد موجود ہیں

اشتہارات

چترال(چ،پ) ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر جاری کئے جانے والے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ اسوقت لوئر چترال میں 98قرنطینہ مراکز فعال ہیں اور مراکز میں ڈیڑھ ہزار کے لگ بھگ لوگوں کو رکھا گیا ہے۔ کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے ان 48دنوں میں ایس او پیز اور لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے تاکہ کورونا وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ اعداد وشمار کے مطابق لوئر چترال میں ابتک کورونا وائرس کے 32کیسز کنفرم ہیں جبکہ 4افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 257مشتبہ ٹیسٹ نیگٹیو آئے جبکہ 29ٹیسٹس کے رپورٹ ابھی آنے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع میں قائم قرنطینہ مراکز میں 2300سے زائد افراد کو رکھنے کی گنجائش ہے اور اسوقت 1500افراد قرنطینہ مراکز میں موجود ہیں۔ ابتک 2300کے لگ بھگ افراد قرنطینہ مراکز سے فارغ کئے جا چکے ہیں۔
لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں پولیس کے اقدامات کے حوالے سے ڈیلی سچویشن رپورٹ (DSR)میں بتایا گیا ہے کہ چترال پولیس نے ابتک 7100ٹریفک چالان کئے، 2253000روپے ٹریفک چالان کی مد میں سرکاری خزانے میں جمع کر دئیے، 416ایف آئی آر درج کئے گئے اور 564ملزمان کو گرفتار کیاگیا جبکہ اس دوران 329گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں۔