ریجنل کوٹہ بحالی کے لئے APRNSنے عالمی یوم آزادی صحافت کو یوم آواز کے طور پر منایا

اشتہارات

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)3مئی عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر آل پاکستان ریجنل نیوز پیپرز سوسائٹی(APRNS)کی کال پر پاکستان بھر میں یوم آواز منایا گیا۔کورونا وائرس اور رمضان المبارک کی وجہ سے عوامی اجتماعات اور ریلیوں سے گریز کیا گیا جبکہ سوشل میڈیا سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لوکل/ریجنل اخبارات کے ذمہ داران نے اپنے اپنے ویڈیو پیغامات میں وزیر اعظم عمران خان کو متوجہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر 25فیصد قانونی ریجنل کوٹہ برائے اشتہارات پر فوری عمل کیا جائے۔واضع رہے APRNSکے سربراہ غلام مرتضیٰ جٹ نے دو روز قبل موجودہ وزیر اطلاعات شبلی فراز سے ملاقات کر کے ریجنل کوٹہ بحالی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے سابق معاؤن خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،پی آئی او طاہر حسن اور دیگر اعلیٰ سرکاری وسیاسی شخصیات سے بھی مسلسل یہ مطالبہ کیا تھا کیونکہ ایک ماہ سے اشتہارات کا ریجنل کوٹہ بغیر کسی قانون کے یا آفیشل آرڈر کے بند کر دیا گیا ہے۔غلام مرتضیٰ جٹ سربراہ APRNS نے اور دیگر اخبارات کے ذمہ داران نے دو روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کی پہلی پریس کانفرنس میں اس پر سوالات بھی اٹھائے تھے اور وہاں موجود سیکرٹری اطلاعات اور پی آئی او سے بھی ریجنل کوٹہ بحالی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اس اہم معاملہ کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ اس سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطحی وفد وزیر اطلاعات شبلی فراز سے ملاقات کرے گا۔