اے پی آر این ایس کے وفد کی وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات،25فیصد اشتہارات کا کوٹہ بحال کرنے کا مطالبہ پیش کردیا
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی)آل پاکستان ریجنل نیوز پیپرز سوسائٹی (APRNS)کے سربراہ غلام مرتضیٰ جٹ نے ایک وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اے پی آر این ایس کے سربراہ نے وزارت اطلاعات کی طرف سے غیر قانونی طور پر بند کیا گیا اشتہارات کا 25فی صد ریجنل کوٹہ فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا کہ وہ جلد اس سلسلے میں مشاورت کرکے لوکل/ریجنل اخبارات کو خوشخبری دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور پی۔ٹی آئی کی حکومت کمزور طبقے کو طاقتور کرنا چاہتی ہے اور ہم لوکل/ریجنل میڈیاکو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ عام آدمی کی آواز ہیں۔ملاقاتی وفد میں آغا غفور طاہر،راجہ ریاض،سردار وقار اور دیگر نمایاں تھے۔