چترال میں وارد سروس بھی زوال پذیر ہوگیا،سروس کامعیار ناقص ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا

اشتہارات

چترال(نامہ نگار) چترال میں سیلولر سروس مہیا کرنے والی کمپنی ”وارد ٹیلی کام“ کی سروس بھی زوال کا شکار ہوگیا جسکی وجہ سے ہزاروں صارفین کو مشکلات اور مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چترال میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس مہیا کرنے والی کمپنی وارد(WARID) کی سروس زوال کا شکار ہوگیا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے جب وارد اور جیز کمپنی ایک ہوگئے تھے تو صارفین کو یہ امید ہوچلی تھی کہ اب وارد کی سروس بہترین ہوگی۔مگر شومئی قسمت کہ چترال میں وارد کی سروس دن بدن زوال کاشکار ہورہی ہے۔ وارد کا انٹرنیٹ سروس پچھلے کئی ہفتوں سے انتہائی ناقص ہے جسکی وجہ سے صارفین کو دشواری اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ چترال ٹاؤن اور دروش میں وارد نے 4Gسروس مہیا کی ہے جو کہ پچھلے کئی ہفتوں سے ٹو جی سے بھی کم سپیڈ دے رہی ہے اور صارفین کو مالی نقصان بھی اٹھانا پڑ رہا ہے۔
صارفین نے وارد کمپنی کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چترال میں اپنی موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس میں بہتری لائیں تاکہ عوام کے ساتھ دھوکہ نہ ہو، کیونکہ فور جی کا جھانسہ دیکر ٹو جی سے بھی کم سپیڈ چلانا کاروباری بد دیانتی اور دھوکہ دہی ہے۔ صارفین نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیلولر سروس کمپنیوں پر نظر رکھیں اور انہیں سروس بہتر بنانے کی ہدایت کریں۔