جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کیخلاف گھیرا تنگ کیا ہے،کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی/ڈی پی او چترال

اشتہارات

چترال(محکم الدین)ڈی پی او چترال وسیم ریاض نے کہا ہے کہ چترال پر امن علاقے کے طور پر مشہورہے اور یہ ہی اس کی سب سے بڑی خوبصورتی اور پہچان ہے جو کہ ہمیشہ قائم دائم رہنا چاہیے۔ پیر کے روز اپنے دفتر میں میڈیا سے بات کر تے ہوئے انہوں کہا کہ چترال کے امن کے حوالے سے کسی بھی قسم کی مصلحت کاشکار نہیں ہوا جا سکتاجس سے کوئی ناعاقبت اندیش غلط فائدہ لے سکے۔انہوں نے کہا کہ وہ منشیات کے خاتمے پر اپنی پوری توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور انہیں اس میں بہت زیادہ کامیابی ملی ہے خصوصاً بروز گاؤں میں منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس گاؤں میں منشیات فروشوں کے خلاف مستقل کاروائی کیلئے وہ پولیس چوکی کے قیام کا سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منشیات فروش چترال کے سب سے بڑے دشمن ہیں جو نوجوان نسل کو ذہنی،جسما نی اور معاشی طور پر تباہ کر رہے ہیں اس لئے ان کے ساتھ کوئی رو رعایت نہیں بھرتی جائے گی۔ڈی پی او نے کہاکہ انہوں نے اپنے تبادلے کے ساتھ ہی چترال میں قدم رکھتے ہوئے اسے اپنے گھر کی طرح پایا ہے اس لئے میں اپنے گھر کو کسی بھی طرح نقصان پہنچتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ چترال کے صحافی ذمہ دارانہ صحافت کررہے ہیں،ان میں چترال کی تعمیر وترقی اور امن و امان برقرار رکھنے کا بڑا درد ہے اور چترال پولیس ان کی خدمات کی معترف ہے۔ڈی پی او نے کہا کہ پولیس سے متعلق عوام کے مسائل سننے کیلئے ان کے دروازے کھلے ہیں اور عوامی خدمات انجام دے کر انہیں خوشی ہو گی۔