بونی ہسپتال میں ڈاکٹروں کی تعیناتی نہ ہونے پر شدید احتجاج کرینگے،ناخوشگوار واقعے کی ذمہ دای متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی/تحریک حقوق عوام

اشتہارات

بونی(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اپر چترال میں ڈاکٹروں کی کمی اور اسوجہ سے عوام کو درپیش مشکلات کے سلسلے میں تحریک حقوق عوام اپر چترال نے خبردار کیا ہے کہ اپر چترال کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال میں پچھلے کئی مہینوں سے ڈاکٹروں کی عدم تعیناتی افسوسناک امر ہے اور اسکے خلاف بھرپور عوامی احتجاج شروع کی جائیگی۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی اور ہسپتال کے دیگر مسائل کے حوالے تحریک حقوق عوام کا ایک اہم اجلاس بونی میں منعقد ہوا جس میں شرکاء نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اعلیٰ حکام کو اس بات کا بخوبی علم ہے کہ بونی ہسپتال پورے اپر چترال کا سب سے بڑا سرکاری ہسپتال ہے اور دور دراز علاقوں سے لوگ علاج معالجے کے لئے اس ہسپتال کا رخ کرتے ہیں مگر بد قسمتی سے ہسپتال میں مطلوبہ تعداد میں ڈاکٹردستیاب نہیں جسکی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بونی میں کم از کم 15ڈاکٹرز ہونے چاہئے مگر مایوس کن امر یہ کہ اس بڑے ہسپتال میں اسوقت صرف تین ڈاکٹر تعینات ہیں م صبح کے وقت OPD میں سینکڑوں مریضوں کے معائنے کے لئے صرف ایک ڈاکٹر موجود ہوتا ہے جو کہ نہ صرف ڈاکٹر پربے جا بوجھ ہے بلکہ مریضوں کی زیادتی کی وجہ سے ڈاکٹر کیلئے ان کا معقول اور توجہ سے معائنہ بھی ممکن نہیں، نیز ایمرجنسی کی صورت میں اسی ڈاکٹر کو بسا اوقات دوبارہ ہسپتال میں موجود رہنا پڑتا ہے۔

ہسپتال میں رش کی وجہ سے ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اجلاس میں اس بات پر سخت مایوسی کا اظہار کیا گیا کہ تحریک حقوق عوام کے پلیٹ فارم سے بار بار اس مسئلے کے حوالے سے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا گیا، شندور فیسٹیول کے موقع پر بونی میں تحریک حقوق عوام کے عمائدین نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے ساتھ اپنی نشست میں یہ مسئلہ خصوصی طور پر اٹھایا تھا اور انھوں نے جلد ڈاکٹروں کی تعیناتی کا وعدہ کیا تھا لیکن تاحال اس پر عمل درآمد نہ ہو سکا ہے۔ پچھلے دنوں پی۔ٹی۔ڈی۔سی موٹل بونی میں ایک تقریب کے دوران ایم۔این۔اے اور ایم۔پی۔ایز صاحبان کے سامنے بھی یہ مسئلہ رکھا گیا ہے لیکن اب تک اس سلسلے میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ اجلاس میں بالاتفاق یہ مطالبہ کیا گیا کہ اپر چترال ضلع کے عوام کی مشکلات کے پیش نظر فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال بونی میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کی جائے بصورت دیگر تحریک حقوق عوام اس سلسلے میں احتجاجی تحریک شروع کرے گی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔