اپر چترال میں لینڈ سیٹلمنٹ سروے پر تحفظات ہیں،عوام میں تشویش پائی جاتی ہے،حکام نوٹس لیں/تحریک حقوق عوام

اشتہارات

بونی(نامہ نگار)اپر چترال میں لینڈ سیٹلمنٹ کے حوالے سے محکمے نے پچھلے دنوں میں جو سروے کیا ہے، اس کے بارے میں عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ قانون کے مطابق سروے سے پہلے سروے ٹیم کو گاؤں کے لوگوں سے میٹنگ کرکے انکو بریفنگ دینی ہوتی ہے اور لوگوں کو مطمئن کرنے کے بعد سروے شروع کرنے سے پہلے مالک زمین کو ساتھ لیکر سروے کیا جاتا ہے۔ لیکن پچھلے دنوں میں اپر چترال میں جو سروے ہوا ہے اس سے پہلے نہ مالکان زمین کو ساتھ رکھنے کی زحمت کی گئی اور نہ ہی کوئی میٹنگ ہوئی۔ اپنی مرضی سے کسی کی زمین کسی کے نام پر کی گئی۔ اس کے علاوہ شاملات بشمول چراگاہ اور ریور بیڈ سرکاری تحویل میں لیے گئے ہیں۔اپر چترال کے عوام اس سروے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ اس حوالے سے عنقریب تحریک حقوق عوام اپر چترال کے پلیٹ فارم سے ایک زبردست تحریک چلائی جائے گی۔ لہذا تحریک حقوق عوام اپر چترال متعلقہ اداروں اور ارباب اختیار سے گزارش کرتی ہے کہ عوام سے ان کا حق چھیننے کی بجائے عوام کو ریلیف دیا جائے اور حالیہ سروے کو منسوخ کرکے از سرنو قانون کے مطابق مالکان زمین کی موجودگی میں ان کی زمینات کے حدود کا تعین کیا جائے، بصورت دیگر تحریک حقوق عوام اپر چترال اس حوالے سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔