جشن قاقلشٹ19سے 21اپریل تک منعقد ہوگی، ضلعی انتظامیہ کی مداخلت برداشت نہیں/جشن قاقلشٹ کمیٹی

اشتہارات

بونی (نامہ نگار) جشن قاقلشٹ کمیٹی نے ایک مرتبہ پھرجشن کی تاریخ میں ردو بدل کرتے ہوئے 18اپریل کے بجائے 19اپریل سے جشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جشن قاقلشٹ کے انعقاد کے سلسلے میں ’’ جشن قاقلشٹ کمیٹی ‘‘ کا ایک اہم اجلاس پرنس سلطان الملک کی صدارت میں بونی میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ممبران نے شرکت کیں۔ اجلاس میں مختلف امور زیر غور آئے اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اپر چترال کے اس بڑے جشن کو روایتی جوش و خروش کے ساتھ اس سال بھی منایا جائیگا اور اب جشن 18کی بجائے 19اپریل سے شروع ہوکر 21اپریل کو اختتام پذیر ہوگی۔ شرکاء اجلاس نے جشن قاقلشٹ میں ضلعی انتظامیہ کے براہ راست مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ضلعی انتظامیہ کا یہ عمل چترالی ثقافت اور روایات پر حملہ کرنے کے مترادف قرار دیا۔شرکاء اجلاس نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ میں ضلعی انتظامیہ بے جا اور براہ راست مداخلت کرکے چترال کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔شرکاء نے یاد دلایا کہ گزشتہ 3 سالوں سے اس جشن کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ کی براہ راست مداخلت کی وجہ سے اس جشن کی رونقیں ماند پڑتی جارہی ہیں اوراس مشہور ایونٹ کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ چترالی تہذیب سے ہٹ کر دوسروں کی تہذیب کو جان بوجھ کر اس فیسٹول میں شامل کیا جاتا رہا ہے، فیسٹول کیلئے مختص شدہ فنڈز کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ایونٹ کی کامیابی میں خرچ کرنے کے بجائے اپنے شاہ خرچیوں میں اڑا دیئے گئے۔ گزشتہ 3 سالوں سے کسی پولو پلئیر کو ئی الاؤنس نہیں دیا گیا جبکہ مختلف انتظامات کی مد میں جشن قاقلشٹ کمیٹی اب تک لاکھوں روپے کا مقروض ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہا اس بار جشن قاقلشٹ کمیٹی اور منتخب وی سی ناظمین نے ضلعی انتظامیہ سے جب یہ مطالبہ کیا کہ قاقلشٹ فیسٹول میں استعمال ہونے والے فنڈ کو کمیٹی کے رائے کے مطابق اس فیسٹول میں شریک کھلاڑیوں کو سہولیات پہنچانے کیلئے خرچ کیا جائے اور سابقہ بقایاجات بھی ادا کئے جائیں تو ڈپٹی کمشنر چترال صاحب نے یہ کہتے ہوئے اس بات سے انکار کیا کہ اس مد میں محکمہ سیاحت کی طرف سے صرف اور صرف 5لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں اور وہ بھی ایونٹ کی ایڈورٹائزمنٹ کی مد میں خرچ کئے جانے ہیں، اسکے علاوہ فیسٹول کو چلانے کیلئے انکے پاس ایک روپیہ بھی موجود نہیں۔
ان حالات میں شرکاء اجلاس نے فیصلہ کیا کہ اس بار جشن قاقلشٹ کمیٹی نے اپنے محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے اس جشن کو 19 تا 21 اپریل تک روایتی جوش و خروش اور شاندار اندا ز میں منائے گی ۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 18 تاریخ کو ہر ایونٹ میں مختلف ٹیموں کے درمیان PTDC بونی میں ٹاس ہو گا۔ تمام ٹیموں کے کپتان صاحبان یا نمائندگان سے گزارش ہے کہ اپنے اپنے ٹیموں کے اندراج کے سلسلے میں مورخہ 18 اپریل 2019 بوقت صبح 10 بج PTDC بونی میں تشریف لائیں۔ جشن قاقلشٹ کمیٹی کی طرف سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی وعدہ خلافی کی وجہ سے جشن کی تاریخ میں ردو بدل کی گئی ہے اور اب یہ جشن 18کے بجائے 19اپریل کو شروع کیا جائیگا۔