پیپلز پارٹی کے بانی چئیرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے برسی کی تقریب؛بڑی تعداد میں جیالوں کی شرکت

اشتہارات

چترال(نذیرحسین شاہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام بانی چیئر مین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی چالیس ویں برسی مکمل عقیدت و احترام سے منایاگیا ۔اس موقع پرضلعی صدرپاکستان پیپلزپارٹی وسابق صوبائی وزیر سلیم خان اوردیگرعہدہ داروں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کا کارنامہ شہید بھٹو کے عظیم کارناموں میں سے ایک ہے جس کے لئے امریکہ اور اس کے حواری ان کی جان کے درپے ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل بھٹوازم سمجھنے کی کوشش کرے کیونکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو تاریخ کا ایک ایسا نام ہے جس نے انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا، غریب اور مزدوروں کو سر اٹھا کرجینے کا ڈھنگ سکھایا۔انہوں نے کہاکہ چترال میں تمام ترقیاتی منصوبے شہیدذوالفقارعلی بھٹواورشہیدمحترمہ بے نظیربھٹوکے چترالی عوام کے ساتھ دلی محبت کامنہ بولتاثبوت ہیں۔آج بھی چترالی عوام قدرکی نگاہ سے اُن کوسلام پیش کررہے ہیں۔اُن کی مقبولیت آج تک عوام کے دلوں سے کوئی نکال نہیں سکا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے موجودہ حکومت اورچترال سے منتخب نمائندوں کوتنقیدکانشانہ بنایا اور کہا کہ چترال میں سابق ادوارکے ترقیاتی منصوبوں میں عمداً تاخیرکرکے چترالی عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک کیاجارہاہے اور موجودہ نمائندوں کے نااہلی کی وجہ سے چترال میں بجلی کے بلوں کی سو فیصد ریکوری اور سرپلس بجلی ہونے کے باوجود اپر چترال میں روزانہ کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی ہے جس کی وجہ سے روزمرہ کا معمول بری طرح متاثر ہوچکے ہیں اورابدی لوڈ شیڈنگ اپر چترال کا مقدر بن گیا ہے۔ پی پی پی کے ضلعی عہدداروں نے مطالبہ کیاہے کہ محکمہ پیڈو اور پیسکو کے حکام ٹرانسمیشن لائینوں کو درست کرکے بجلی کی بلاناغہ فراہمی کو یقینی بنائے۔چترال میں بجلی ہونے کے باوجوداپرچترال کے عوام احتجاجی مظاہرے پرمجبورہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ماہرین کے مطابق اگر گولین گول سے پیدا ہونے والی بجلی کو مکمل استعمال نہیں کیا گیا تو وہ مشینوں کو متاثر کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہینوں سے چترال میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرنہ ہونے اور نمائندوں کی رسہ کشی کی وجہ سے 151 پوسٹوں میں بھرتی روک دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجووہ حکومت کی نااہلی کے خلاف عنقریب پرزورجلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔اس موقع پربروزچترال سے تعلق رکھنے والے جمعہ خان اوراخترحسین پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیارکی۔اس موقع پر صدر اپر چترال امیر اللہ،علماء ونگ کے ضلعی صدر قاری نظا م الدین ، ضلعی سینئرنائب صدرشریف حسین،نائب صدرانجینئرفضل ربی جان،نائب صدرشفقت حسین ایڈوکیٹ،ضلعی جنر ل سیکرٹری محمدحکیم ایڈوکیٹ،جنرل سیکرٹری اپرچترال حمیدجلال،ضلعی انفارمیشن سیکرٹری قاضی فیصل ،صدرارندوحاجی غازی خان،سب ڈویژن چترال کے صدرعالمزیب ایڈوکیٹ،تحصیل دروش کے صدرعبدالحمیدایڈوکیٹ،حیدرعباس،علماء ونگ کے جنرل سیکرٹری مولاناآصف اقبال، سردار حسین،شیرجوان اوردیگرنے اظہارخیال کئے۔