سی اینڈ ڈبیلو لیبر یونین کے نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری چترال میں منعقد ہوئی

اشتہارات

چترال(گل حماد فاروقی) محکمہ مواصلات (کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ) کے لیبر ونگ کے عہدہ داران کی حلف برداری کی تقریب گورنمنٹ کالج آف منیجمنٹ سائنس (کامرس) میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر مظفر الدین صدر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن مہمان خصوصی تھے جبکہ تقریب کی صدارت امیرالملک صدر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے کی۔ تقریب میں کامرس کالج کے پرنسپل پروفیسر صاحب الدین، سی اینڈ ڈبلیو کے سب ڈویژنل آفیسر عتیق فاروق نے بھی شرکت کی۔ ایس ڈی او نے لیبر ونگ ایسوسی ایشن کیلئے ایک لاکھ روپے نقد اور دفتر کا اعلان بھی کیا تاکہ اگر کسی کارکن کو کوئی مسئلہ پیش آئے خواہ وہ حاضر سروس ہو یا ریٹائر تو اس فنڈ سے اسکے علاج معالجہ اور اس کے ساتھ مدد کی جاسکے۔ پروفیسر صاحب الدین نے لیبر ونگ کے تمام شرکاء کی محنت کو نہایت سراہا اور ان پر زور دیا کہ وہ اس مٹی سے محبت کریں اور اپنا کام ایمانداری سے کریں ،جو لوگ ایمانداری سے کام کرتے ہیں ان کو نہ تو کوئی مسئلہ پیش آتا ہے اور نہ ہی ان کے اولاد نافرمان ہوتے ہیں۔ مہمان خصوصی مظفر الدین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیس تنظیموں کے صدر ہے مگر کبھی بھی اپنی ڈیوٹی میں کام چوری نہیں کی بلکہ دیگر عملہ سے پانچ دس منٹ پہلے سکول پہنچ جاتے ہیں۔ انہوں نے لیبر ونگ کے شرکاء پر بھی زور دیا کہ وہ بھی اپنا کام ایماندار ی سے کریں اور سڑکوں کی حفاظت، ان کی دیکھ بال اور ضروری مرمت میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں کیونکہ انہی کاموں کیلئے انہیں تنخواہ ملتی ہے اور اگر آپ اپنا تنخواہ حلال کریں گے تو کبھی بھی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر محفل امیر الملک نے عزم کیا کہ وہ ان کے بنیادی حقوق کیلئے ضرور جدوجہد کریں گے تاکہ جو عملہ مرجاتا ہے ان آسامیوں پر ان کے بچوں کو نوکری دی جاسکے اور ضلع میں جتنے پوسٹ خالی ہیں ان کو جلد از جلد پر کیا جاسکے۔ آخر میں امیر الملک نے نو منخب کابینہ سے حلف لیا۔

نئے کابینہ میں شاکر الدین چیئرمین، نظام الدین نائب چیئرمین ، شکیل احمد صدر، حکیم محمد نائب صدر، نور حسین جان سنیئر نائب صدر، شیر کریم نائب صدر دوم، سلیم عباس جنرل سیکرٹری، عطا ء الرحمان ڈپٹی جنرل سیکرٹری، محمد صادق جائنٹ سیکرٹری، محمد یوسف فنانس سیکرٹری، محی الدین انفارمیشن سیکرٹری اور محمد آیاز انفارمیشن سیکرٹری دوم منتخب ہوئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نو منتخب صدر شکیل احمد نے کہا کہ وہ اپنے روڈ کولی کے حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ شاکرالدین نے بتایا کہ وہ اپنے یونین کی خدمت کیلئے میدا ن میں اترچکا ہے۔ محمد آیاز نے کہا کہ تنظیم میں خلا پیدا ہوا تھا اور اب اسے ختم کرکے بھر پور انداز میں محنت کشوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کرینگے اور یوم مزدور شایان شان طریقے سے منائیں گے۔ نظام الدین نے کہا کہ وہ دوبارہ نائب چیئر مین منتخب ہوچکے ہیں، انکی ترجیح ہو گی کہ وہ عملہ کی ترقی سے لیکر ان کی بچوں کو ملازمت دلوانے اور خالی آسامیوں کو پر کرنے کیلئے کوشش کریں گے۔ سلیم عباس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے تمام کارکنوں کے ساتھ ملکر اپنے حقوق کیلئے لڑیں گے ، انہوں نے زور دیکر کہا کہ روڈ کولی اور لیبر ونگ کے تمام کارکن اپنا کام ایمانداری سے کریں اور روزانہ کی بنیاد پر اپنا پراگرس دکھائیں تاکہ کوئی ان پر انگلی نہ اٹھائے۔