جشن قاقلشٹ اپریل کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوگی،کمیٹی کا فیصلہ

اشتہارات

بونی(نامہ نگار)جشن قاقلشٹ کمیٹی نے اس سال اپریل کے پہلے ہفتے میں جشن کے انعقادکا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں جشن قاقلشٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد کمیٹی کے ترجمان محمد پرویز لال کی طرف سے جاری کئے گئے اخباری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جشن کے انعقاد کے حوالے سے جشن قاقلشٹ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بونی میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی ممبران نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ اس سال جشن قا قلشٹ کو ’’ کھو‘‘ کلچر کے فروغ کو پیش نظر رکھتے ہوئے روایتی انداز میں اگلے مہینے (اپریل) کے پہلے ہفتے میں شایان شان طریقے سے منایا جائیگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن میں کھو ثقافت سے متعلقہ تمام روایتی کھیلوں پولو، رسہ کشی، نشانہ بازی ، ثقافتی اورمیوزیکل پروگرامات کے علاوہ فٹ بال، کرکٹ، والی بال اور پیراگلائیڈنگ کے مقابلے منعقد کئے جائینگے۔ اجلاس میں موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال جشن اپریل کے پہلے ہفتے میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ ان ایام میں قا قلشٹ کی خوبصورتی اپنے عروج پر ہوتی ہے اور شائقین جشن کے ساتھ ساتھ علاقے کے خوبصورتی سے بھی لطف اندوز ہونگے۔