سیو چترال، سیو پاکستان بائیک ریلی، بونی سے نوجوان گوادر کی طرف روانہ ہو گئے

اشتہارات

بونی(سرفراز شاہد)غیر سرکاری تنظیم چیپس (CHIPS) اور چترال بائیکرز کلب کے زیر اہتمام ’’ سیو چترال ، سیو پاکستان‘‘ بائیک ریلی کا آغاز ہو گیا ہے جوکہ بونی چترال سے شروع ہو کر صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں اختتام پذیر ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق سخت موسم اور برفباری کے باوجود چیپس اور چترال بائیکرز کلب کے زیر اہتمام ’’سیو چترال، سیو پاکستان‘‘ بائیک ریلی کا آغاز منگل کے روز بونی سے کیا گیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیپس کے چیئرمین رحمت علی جعفر دوست اور چترال بائیکرز کلب کے چیئرمین اکرام اللہ کا کہنا تھا کہ شدید سردی اور برفباری کے باؤجود اس ریلی کے انعقاد کا مقصد دنیا کو امن کا پیغام دینا اور یہ آگاہی دینا ہے کہ چترال میں موجود صاف پانی کے ذخائر پورے پاکستان کے لئے اہمیت کا حامل ہیں کیونکہ چترال کے گلیشئیرز سے نکلنے والا پانی پاکستان کے میدانی علاقوں کو سیراب کرتے ہیں، ملک میں آبی وسائل میں چترال کے ذخائر کا حصہ کم از کم 27فیصد ہے لہذا چترال میں پانی کے قدرتی ذخائر کی حفاظت اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانا قومی سطح پر اہمیت کا حامل ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور دیگر ادارے اس جانب توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ چترال میں پانی کے یہ ذخائر مزید متاثر ہوتے ہیں تو ملک میں شدید آبی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بائیک ریلی کے سلسلے میں کسی ادارے نے بھی انکے ساتھ تعاؤن نہیں کیا ہے مگر ہم رضاکارانہ طور پر اس اہم قومی مسئلے کو اجاگر کرنے کے لئے قدم اٹھائے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ ریلی بونی سے شروع ہو کر ملک کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا ساحلی شہر گوادر پہنچ جائے گی۔