دفاع وطن کے سلسلے میں چترال لیویز کی قربانیاں لازوال ہیں/ڈپٹی کمشنر چترال

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)ڈپٹی کمشنر چترال و کمانڈنٹ چترال لیویزخورشید عالم محسود نے کہا ہے کہ دفاع وطن کے حوالے سے چترال لیویز نے دیگر فورسز کے شانہ بشانہ گرانقدر قربانیاں دی ہیں اور گذشتہ روز پاک افغان بارڈر ارندو کے مقام پر لیویز سپاہی جاویداللہ کی شہادت اس میں ایک اور اضافہ ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پیر کے روز اپنے دفتر میں ارندو واقعے کے حوالے سے مقامی صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خورشیدعالم محسود نے کہا کہ لیویز کا جوان جاویداللہ کی شہادت آئی ای ڈی(دیسی ساختہ) بم کے پھٹنے سے ہوئی ۔ واقعہ اسوقت پیش آیا جب چترال لیویز کا شہید جوان اپنے پوسٹ کے احاطے میں پہرا دے رہا تھا۔انہوں نے کہا شہید کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ہے اور اس موقع پر میں بذات خود موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہید جاوید اللہ کے والد اس سانحے کے موقع پر ملک کی سالمیت اور بقا کیلئے جس جذبے کا اظہار کیاہے ایسے لوگوں کے ہوتے ہوئے کوئی بھی ملک دشمن میلی آنکھ سے اس سرزمین کی طرف نہیں دیکھ سکتا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دھماکے کے حوالے سے مختلف زاویوں سے تحقیق و تفتیش جاری ہیں اور اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ اصل حقائق تک پہنچا جائے کہ آیا یہ ڈیوائس حالیہ دنوں میں چھپایا گیا تھا یا افغان جنگ کی باقیات میں سے ہے۔ خورشید عالم محسود نے کہا کہ شہید جاویداللہ کے ورثا کیلئے کمشنر ملاکنڈ سے شہدا پیکیج کے سلسلے میں بات کی گئی ہے اور ا نشاء اللہ شہید کے ورثا ء کے ساتھ پوری ہمدردی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بعض لوگ سوشل میڈیا میں مختلف افواہیں پھیلا کر اصل واقعے کو گنجلک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔ جبکہ سوشل میڈ یا میں جو بات کی جارہی ہے اس کا حقیقت سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ مکمل تفتیش کے بعد اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔