سرحدی قصبے ارندو میں بارودی سرنگ کا دھماکہ،چترال لیویز کا جوان شہید

اشتہارات

دروش(نامہ نگار)پاک افغان سرحدی قصبے ارندو میں زیرو پوائنٹ کے مقام دیسی ساخت کے آئی ای ڈی دھماکے میں چترال لیویز کا ایک جوان شہید ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سرحدی قصبے ارندو میں زیرو پوائنٹ کے مقام پر چترال لیویز پوسٹ کے قریب ایک (IED) دھماکہ ہوا جس کی زد میں آکر چترال لیویز کا اہلکار سپاہی جاوید احمد ولد عبدالحکیم شہید ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود کی طرف سے جاری کردہ بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ مذکورہ واقعہ ہفتے کے روز ظہر کے وقت ارندو میں زیرو پوائنٹ کے مقام پر پیش آیا ۔ دھماکہ خیز مواد زمیں میں چھپایا گیا تھا۔ اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیاہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر چترال اور دیگر اعلیٰ حکام ارندو کی طرف روانہ ہو گئے ہیں۔ شہید لیویز اہلکار جاوید احمد کا تعلق ارندو سے تھا۔