57

چترال سکاؤٹس 26ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ دروش میں منعقد ہوئی؛ آئی جی ایف سی مہمان خصوصی تھے

دروش(نامہ نگار)چترال سکاوٹس کے26ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہفتے کے روز دروش چھاونی میں منعقد ہوئی جس میں عسکری تربیت مکمل کرنے والے 107ریکروٹ پاس آؤٹ ہو کر باقاعدہ طور پر چترال سکاوٹس کا حصہ بن گئے۔تفصیلات کے مطابق چترال سکاؤٹس کے 26ویں بیج کے رینکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ دروش چھاؤنی میں منعقد ہوئی ، انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل راحت نسیم احمد خان اس پروقار عسکری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا، جوانوں سے سلامی لی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل راحت نسیم نے جوانوں کے شاندار پریڈ کی تعریف کی اور انہیں عسکری تربیت کامیابی کے ساتھ مکمل کرکے چترال سکاؤٹس کا حصہ بنے پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا آج کا دن جوانوں کی زندگی میں اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج انہوں نے ملک کی حفاظت کے لئے اپنی جان نچھاؤر کرنے کاعہد کیا اور یہی جذبہ ہے جو انہیں ممتاز بنا دیتاہے۔ آئی جی ایف سی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چترال سکاؤٹس کے افسروں اور جوانوں کی بہادری اور شجاعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چترال سکاؤٹس کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے اور نئے شامل ہونے والے جوان جرات اور بہادری کے انہی روایات کو برقرار رکھیں گے۔

اس پروقار تقریب میں ضلعی انتظامیہ کے افسران اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے عمائدین، ریکروٹس کے والدین اور مختلف سکولوں کے بچوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ چترال سکاوٹس اور چترال کا تاریخی اور ثقافتی پروگرام کا اہتمام بھی کیا گیا ۔ آخرمیں مہمان خصوصی عوا م وخواص میں گھل مل گئے اور تقریب کا اختتام نہایت جوش وخروش سے ہوا۔ آئی جی ایف سی نے اسالٹ کورس میں محمد اکرم، پی ٹی کے لئے جنید احمد، بیسٹ فائرنگ کے لئے طار ق الدین اور اکیڈیمکس میں حیات نبی کو بیسٹ ریکروٹ کا انعام دیا جبکہ آئی جی ایف سی کی اعزازی شمشیر ریکروٹ محمد قاسم اور کمانڈنٹ کی اعزازی چھڑی ریکروٹ نصر ت علی کو دے دیا۔ انہوں نے بہتریں پریڈ کا مظاہر ہ کرنے پر چترال سکاوٹس کیلئے 10لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر چترال ٹاسک فور س کے کمانڈنٹ کرنل معین الدین نے ان کے گوناگوں مصروفیات سے وقت نکال کر پریڈ میں بطور مہمان خصوصی حاضر ہونے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔