کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کا ماسٹر مائنڈ قندھار میں ہلاک

اشتہارات

چترال(ویب ڈیسک)افغانستان کے دوسرے بڑے شہر قندہار میں منگل کو ہونے والے ایک خود کش حملے میں پاکستانی حکومت کو مطلوب عسکریت پسند بلوچ کمانڈر اسلم اچھو سمیت کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے۔صوبہ بلوچستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں سرگرم  کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے اپنے اہم کمانڈر اسلم بلوچ کی پانچ دیگر افراد کے ہمراہ ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
تنظیم کی جانب سے نامعلوم مقام سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں ترجمان جنید بلوچ کے مطابق مارے جانے والے دیگر پانچ دیگر افراد بھی ان کی تنظیم کے اہم رکن تھے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دیگر کمانڈروں میں تاجو مری، روستم عرف روستو، رحیم مری اور ناصر بلوچ اور اُن کے دو اور ساتھی شامل ہیں۔ قندھار میں موجود ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ کمانڈر اسلم بلوچ عرف اچھو کچھ ہفتے قبل ہی قندھار آئے تھے۔پاکستانی ذرائع کے مطابق کمانڈر اسلم بلوچ عرف اچھو کراچی میں چین کے قونصل خانے پر ہونے والے حالیہ حملے کے بھی ماسٹر مائنڈ تھے اور اس سے پہلے جون 2013 میں بلوچستان کے علاقے زیارت میں قائداعظم ریذیڈینسی پر بھی ہونے والے حملے کے پیچھے انہی کا ہاتھ تھا۔ افغان حکام کے مطابق یہ حملہ منگل کی شام قندھار کے پوش علاقے عینو مینہ میں ہوا۔ حکام کے مطابق اس حملے ایک بچہ بھی زخمی ہوا ہے۔ افغانستان کے شہر قندھار میں ہونے والے اس خودکش حملے کی ذمہ داری کسی تنظیم نے ابھی تک قبول نہیں کی ہے۔
اسلم بلوچ کو کالعدم عسکریت تنظیم بلوچ لبریشن آرمی ایک گروپ کا سربراہ تھے جو کہ متعدد مقدمات میں ملوث تھے۔ اس سے قبل 2016 میں سیکورٹی اداروں نے بلوچستان کے علاقے سبی میں اسلم عرف اچھو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا، لیکن وہ اس حملے میں صرف زخمی ہوئے تھے۔
کچھ عرصہ قبل پاکستانی سیکورٹی اداروں نے خبر دی تھی کہ زخمی ہونے کے بعد اسلم بلوچ عرف اچھو کو افغانستان کے راستے علاج کے لیے انڈیا لے جایا گیا تھا، جہاں سے وہ علاج کے بعد واپس افغانستان آیا۔
اسلم بلوچ عرف اچھو پر بلوچستان میں بم دھماکوں، سیکورٹی فورسز پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد مقدمات درج تھے، جبکہ اُن کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
رواں سال دالبندین میں چینی انجنیئروں اور کارکنوں پر جو خود کش حملہ کیا گیا اس کا ماسٹر مائنڈ بھی اسلم بلوچ بتایا گیا تھاجبکہ ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر سیکورٹی اداروں نے حال ہی میں کراچی میں قائم چینی قونصل خانے پر حملے کی ذمے داری بھی اسلم اچھو پر عائد کی گئی ۔