پہلا جشن آزادی پولو کپ کا انعقاد،دروش میں پولو کا کھیل بحال

اشتہارات

چترال(نامہ نگار) تین دہائیوں سے زیادہ عرصے کے بعد پولو گراؤنڈ دروش کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق چترال سکاؤٹس بالخصوص ونگ کمانڈر کرنل خرم نذیر کی کوششوں،سرپرستی اور دلچسپی، سپورٹس کوآرڈنیشن کمیٹی اور ویلج کونسل ناظمین کے تعاؤن سے دروش میں جشن آزادی پولو کپ کے نام سے پولو کا شاندار ٹورنمنٹ  منعقد کیا گیا جسمیں چترال بھر سے صف اول کے پولو کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اس ٹورنمنٹ میں کل آٹھ ٹیمیں نبردآزما تھے جنہیں دروش کے مختلف ویلج کونسلز کے ناموں سے موسوم کیا گیا تھا اور چترال کے نامور پلیئرز کو مختلف ٹیموں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ٹورنمنٹ کا افتتاح کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین اور ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن نے کیا۔ اس موقع کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے کہا کہ چترال بالخصوص دروش میں کھیلوں کی سرپرستی کے لئے چترال سکاؤٹس ہر وقت تیار ہے اور کھیلوں کی ترقی اور اس طرح شاندار ایونٹس کے انعقاد کے سلسلے میں ہر ممکن تعاؤن کیا جائیگا۔ ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ چترال سکاؤٹس ہمیشہ کھیلوں کی سرپرستی کرتی آئی ہے اور انکے تعاؤن کے بغیر کوئی ایونٹ پررونق نہیں ہوسکتا اسلئے میں اپنی طرف سے اور پورے چترالی عوام کی طرف سے چترال سکاؤٹس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جشن آزادی پولو کپ کے اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر چترال نوید احمد تھے۔ تین روزہ پولو فیسٹول میں نگر پولو ٹیم نے آڑیاں گرومیل پولو ٹیم کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کر لیا۔ ہزاروں کی تعداد میں پولو شائقین نے اس تین روز فیسٹول سے محظوظ ہوئے۔
عوامی حلقوں نے دروش میں پولو کے کھیل کی بحالی کے سلسلے میں عملی اقدامات اٹھانے پر چترال سکاؤٹس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چترال سکاؤٹس کی دلچسپی کے بغیر یہ شاندار ایونٹ منعقد نہیں ہو پاتا اور نہ ہی دروش میں پولو کی بحالی ممکن ہوتی۔
یاد رہے کہ دروش میں پولو کا کھیل ختم ہو چکا تھا اور پولو گراؤنڈ کی حالت ابتر ہو چکی تھی تاہم چترال سکاؤٹس 145ونگ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل خرم نذیر کی خصوصی دلچسپی اور تعاؤن کی وجہ سے سپورٹس کوآرڈنیشن کمیٹی اور ویلج کونسل ناظمین کے تعاؤن سے دروش پولو گراؤنڈ کی ضروری مرمت اور بحالی کا کام مکمل ہوا اور پولو گراؤنڈ میں دوبارہ پولو کھیلا جانے لگا۔ سپورٹس کوآرڈنیشن کمیٹی بھی چترال سکاؤٹس کی طرف سے ہی قائم شدہ کمیٹی ہے جوکہ دروش میں کھیلوں کی ترقی کے لئے مصروف عمل ہے اور ونگ کمانڈر دروش اس کمیٹی کے چیئرمین ہیں جبکہ نامور سماجی شخصیت شہزادہ محمد ہشام الملک اس کمیٹی کے سیکرٹری ہیں۔