جشن قاقلشٹ اپنی رعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر،ہزاروں افراد کی جشن میں شرکت

اشتہارات

چترال(بشیر آزاد)جشن قاقلشٹ روایتی جو ش و خروش او ر اپنی تمام رنگینیوں کے ساتھ گذشتہ روز اختتام کو پہنچا۔ جشن میں لوک کھیلوں اور ثقافتی شو کے علاوہ پولو ، فٹ بال اور کرکٹ کے مقابلے ہوئے ۔ضلع چترال کے مختلف علاقوں کے علاوہ دیگر اضلاع سے بھی بڑی تعداد میں کھلاڑی اور سیاحت کے شوقین ہزاروں افراد نے جشن میں شرکت کیں اور تین چار دن تک قاقلشٹ میں خیموں کی بستی قائم رہی۔ ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود فیسٹو ل کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پرموجود ہزاروں کی تعداد میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جشن کاغ لشٹ صدیوں پرانی ایک تہوار ہے جو موسم بہار کی رعنائیوں میں اس علاقے کے لوگوں کی تفریح کا ایک ذریعہ ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاغ لشٹ فیسٹول سے سیاحت کی ترقی میں بڑی مدد مل رہی ہے۔ جشن قاقلشٹ میں پولو کا ٹائٹل ہیڈ کواٹر بونی نے کوشٹ کو ہراکر جیت لیا جبکہ فٹ بال میں تورکھو نے موردیر کو، رسہ کشی میں نوجوانان چترال نے گولدور ٹیم کو،والی بال میں بونی نے سب ڈویژن مستوج کو، کرکٹ میں ضلع اپر دیر نے بونی بادشاہ کو ہرایا۔ ڈی پی او چترال فرقان بلال نے بھی کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر پیر اگلائیڈرز نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ جشن کا غ لشٹ کمیٹی کے چیئر مین شہزادہ سکندر الملک، سرپرست اعلیٰ پرنس سلطان الملک، وائس چیئرمین مختار احمد لال، جنرل سیکرٹری مستنصر الدین اور انفارمیشن سیکرٹری پرویز لال اور عبداللہ جان فریادی نے ضلعے بھر سے آئے ہوئے تماشائیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بھاری تعداد میں شرکت کرکے اس جشن کی رونق میں اضافہ کیا۔