اپر چترال کے سینئر پولیس انسپکٹر ولی خان کی پراسرار موت، لاش مژگول کے قریب دریا کنارے سے برآمد، سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا گیا

اپر چترال (چ،پ) اپر چترال پولیس کے سینئر انسپکٹر ولی خان کی لاش موڑکہو کے علاقے مژگول پل کے قریب دریا کنارے سے برآمد ہوئی ہے۔ مرحوم گزشتہ شب چترال سے اپنے آبائی گاؤں استابون جا رہے تھے۔ ان کی اچانک موت کی اطلاع سے علاقے اور پولیس حلقوں میں غم کی فضا چھا گئی۔
اطلاعات کے مطابق انسپکٹر ولی خان ولد بل ولی خان، ساکن زوغاری استابون، گزشتہ رات ایک گاڑی میں چترال سے گھر جا رہے تھے، سفر کے دوران مژگول پل کے قریب ڈرائیور نے سامان اتارنے کے لیے گاڑی مژگول گاؤں کی طرف موڑ دی اور ولی خان کو کچھ دیر مرکزی سڑک پر انتظار کرنے کا کہہ کر وہاں اتار دیا۔
ڈرائیور جب واپس پہنچا تو وہ وہاں موجود نہیں تھے۔ ڈرائیور نے گمان کیا کہ شاید وہ کسی دوسری گاڑی میں روانہ ہو گئے ہوں گے۔
تاہم صبح مقامی افراد نے ان کی لاش دریا کے کنارے شوتار کے مقام پر دیکھی اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لی اور ٹی ایچ کیو ہسپتال بونی منتقل کیا، جہاں ضروری طبی اور قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے تاکہ موت کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
اپر چترال پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مرحوم انسپکٹر ولی خان سی ٹی ڈی دیر اپر میں فرائض انجام دے رہے تھے۔ ان کی میت ٹی ایچ کیو ہسپتال بونی منتقل کیے جانے کے بعد ڈی پی او اپر چترال ضیاء حسن (PSP) نے خود موقع پر موجود رہ کر قانونی کارروائی کی نگرانی کی۔
بعد ازاں انہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے حالات و واقعات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ڈی پی او سرکل مستوج اور تفتیشی عملہ بھی ان کے ہمراہ تھا۔
بعد ازاں پولیس لائنز بونی میں مرحوم کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جہاں پولیس کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال ارشد خان، ڈی پی او اپر چترال ضیاء حسن، پولیس افسران و اہلکاروں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
بعد ازاں مرحوم کی میت پولیس افسران اور اہلکاروں کی نگرانی میں پورے احترام کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں روانہ کی گئی، جہاں زوغاری استابون کے آبائی قبرستان میں انہیں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
ان کی نمازِ جنازہ میں ڈی ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، سی ٹی ڈی کے اہلکاروں، مقامی عمائدین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اپر چترال پولیس نے اپنے فرض شناس ساتھی افسر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔