ڈی پی او لوئر چترال کی نئے تعینات ایس ایچ اوز کو جرائم کے خاتمے اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کی ہدایت

چترال (چ، پ) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان کی زیرصدارت ڈی پی او آفس بلچ میں نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ اوز کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تھانہ ارکاری، تھانہ شغور، تھانہ کوغوزی اور تھانہ رمبور کے نئے تعینات ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اس موقع پر علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، منشیات کے تدارک اور ٹریفک کے مسائل سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈی پی او محمد خالد خان نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کریں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
ٹریفک کے مسائل کے حوالے سے انہوں نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے، کم عمر موٹر سائیکل سواروں کی حوصلہ شکنی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ پولیس افسران عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، جبکہ سائلین کی شکایات کو میرٹ پر نمٹاتے ہوئے عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ایس ایچ اوز اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانت داری، فرض شناسی اور مستعدی سے ادا کریں اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے ساتھ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔