اپر چترال پولیس کے زیر اہتمام عمائدینِ علاقہ کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا
امن و امان، منشیات کے تدارک اور پولیس و عوام کے مابین باہمی اعتماد کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال

بونی(چ، پ) اپر چترال پولیس نے علاقہ عمائدین کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس میں امن وامان کی صورتحال اور منشیات کے خلاف پولیس کی کاروائیوں کے حوالے مشاورت کی گئی۔
اپر چترال پولیس کے ایس پی انوسٹی گیشن کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اس جرگے میں علاقے کی مجموعی صورتِ حال، امن و امان کے استحکام، عوام کے جان و مال کے تحفظ، منشیات کے تدارک، جرائم کی روک تھام اور پولیس و عوام کے مابین باہمی اعتماد و تعاون کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر عمایدن علاقہ نے اپنے خیالات، تجاویز اور تحفظات کا اظہار کیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام، منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کے مستقبل کے تحفظ کے لیے پولیس اور عوام کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔
مزید برآں، نئے ضلع اپر چترال میں پولیس انفراسٹرکچر کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پولیس کی استعداد کار میں اضافے کی ضرورت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن اپر چترال نے شرکاء کے خیالات اور تجاویز کو اہمیت دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کی روک تھام، منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیاں اور عوامی مسائل کا حل پولیس کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن و امان کے قیام اور اسے برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور عوام کے مابین قریبی رابطہ اور باہمی تعاون بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپر چترال پولیس عوامی رابطوں کے فروغ، منشیات کے تدارک، جرائم کی روک تھام اور پُرامن معاشرے کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔
جرگے کے اختتام پر عمائدین علاقہ نے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور علاقے میں امن و امان کے استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔