لوئر چترال پولیس کا تنازعات کے حل کی کونسلز (DRCs) کی از سر نو تشکیل کا اعلان، رکنیت کے لیے درخواستیں طلب

اشتہارات

چترال(چ،پ) ڈسٹرکٹ پولیس لوئر چترال نے ضلع بھر میں تنازعات کے حل کی کونسلز (Dispute Resolution Councils – DRCs) کو دوبارہ فعال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تعلیم یافتہ، تجربہ کار اور نیک نام افراد سے رکنیت کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس لوئر چترال کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، مجاز اتھارٹی کے فیصلے کی روشنی میں سابقہ DRCs کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔

اب مقررہ قواعد کے مطابق نئی DRCs تشکیل دی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے DRCs کی دوبارہ بحالی کے لیے ہدایات اور ایس او پی موصول ہو چکی ہیں۔

اس سلسلے میں چترال پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری کردی اشتہار کے مطابق تنازعات کے حل کی کونسلز (DRCs) باہمی مکالمے اور افہام و تفہیم کے ذریعے تنازعات کے خوش اسلوبی، غیر جانبدارانہ اور پرامن حل کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کرتی ہیں۔
DRCs،

ڈی آر سی رولز 2015 اور پولیس ایکٹ 2017 کے تحت تشکیل دی جاتی ہیں۔ یہ سہولت سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہے، غیر ضروری مقدمہ بازی کو کم کرتی ہے، عدالتوں پر بوجھ کم کرتی ہے اور کمیونٹی کے اندر ان کی دہلیز پر بروقت اور مفت تنازعات کے حل کو یقینی بناتی ہے۔

پولیس کے مطابق DRCs کا مؤثر کام اور ان کے مطلوبہ مقاصد کا حصول ایسے قابل، تعلیم یافتہ اور غیر جانبدار اراکین کی موجودگی پر منحصر ہے جو مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہوں اور مطلوبہ علم، تجربہ اور مہارت رکھتے ہوں۔

اس سلسلے میں، ڈسٹرکٹ پولیس لوئر چترال نے تعلیم یافتہ، تجربہ کار اور معز افراد، خاص طور پر ماہرین تعلیم، ریٹائرڈ ججز، وکلاء، ریٹائرڈ بیوروکریٹس، ریٹائرڈ پروفیسرز اور دیگر پیشہ ور افراد سے DRCs کی رکنیت کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔

دیانتداری، غیر جانبداری، معاملہ فہمی اور خدمت خلق کے جذبے کے حامل افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ لوئر چترال میں DRCs کے مؤثر کام اور امن، انصاف اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا علم اور تجربہ پیش کریں۔

خواہشمند افراد کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں مختصر پیشہ ورانہ پروفائل کے ساتھ اپنے مقامی پولیس اسٹیشن میں جمع کرائیں۔

پولیس نے ڈی آر سی رکنیت کیلئے معیار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست گزار اچھی شہرت کا حامل، تعلیم یافتہ اور عوامی خدمت میں تجربہ کار ہونا چاہیے، رکن کا پس منظر غیر سیاسی ہونا چاہیے، درخواست گزار بالغ نظر، تجربہ کار اور متوازن شخصیت کا مالک ہونا چاہیے اور درخواست گزار کیلئے ضروری ہے کہ اپنی برادری میں ایمانداری اور غیر جانبداری کے لیے نیک نام اور قابل احترام ہو اور DRC کی رکنیت کے لیے رضامند ہو۔