پولیس چوکی میراگرام نمبر II میں عمائدین علاقہ کے ساتھ اہم ملاقات، امن و امان اور منشیات کیخلاف کاروائیوں پر مشاورت

اشتہارات

اپر چترال (چ،پ) ایس ڈی پی او سرکل مستوج اکبر شاہ نے پولیس چوکی میراگرام نمبر II میں علاقے کے معزز عمائدین اور معتبر شخصیات سے ملاقات کی جس میں علاقے کی موجودہ صورتِ حال، منشیات کے تدارک اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر عمائدین علاقہ نے منشیات کے خلاف موجودہ پولیس سیٹ اَپ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے منشیات کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ملاقات میں سابق ناظم رحمت ولی خان، ریٹائرڈ صوبیدار محمد طیب، سابق ویلیج کونسل چیئرمین محمد اکبر، ریٹائرڈ صوبیدار لیاقت خان، ریٹائرڈ ماسٹر رحمت خان، مسعود علی شاہ، صدر محمد ولی، محمد علی شاہ سمیت دیگر معزز عمائدینِ علاقہ نے شرکت کی۔

اپر چترال پولیس منشیات کے تدارک، امن و امان کے استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے پولیس اور عوام کے مابین باہمی اعتماد، رابطے اور تعاون کو مزید فروغ دیا جاتا رہے گا۔