وفاقی حکومت نے چترال کے اہم منصوبے کی منظوری دیدی، مستوج بروغل روڈ کیلئے 75 ارب روپے منظور
مستوج سے بروغل اور واخان بارڈر تک 157 کلومیٹر طویل پختہ سڑک تعمیر کی جائے گی

چترال (چ،پ) وزیر اعظم پاکستان نے چترال کے ایک اہم منصوبے کی با ضابطہ منظوری دیدی ہے ۔ اس سلسلے میں چترال سے سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ کے سینئر راہنما شہزادہ افتخار الدین نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ضلع اپر چترال میں ’’مستوج بروغل روڈ‘‘ کی تعمیر کے بڑے منصوبے کو منظور دیدی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت 157 کلومیٹر روڈ کی پختہ تعمیر کیلئے 75 ارب مختص کئے گئے ہیں اور اس سڑک کی تعمیر سے مستوج، یارخون ، بروغل اور واخان تک معیاری سفری سہولت میسر آئے گی جس سے علاقے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
مستوج بروغل روڈ کا منصوبہ بین الاقوامی اہمیت کا حامل ہے کیو نکہ یہی راستہ آگے ’’ واخان‘‘ سے جڑنے کے بعد وسطی ایشائی ملک تاجکستان کیلئے آسان اور قریبی راستہ ہے۔
یہ سڑک اپنی تعمیر کے بعد پاکستان کے لئے بین الاقوامی تجارت کے حوالے سے ایک نئی تجارتی راہداری بن جائے گا جس سے نہ صرف چترال بلکہ خیبر پختونخوا کی ترقی کے نئے مواقع کھلیں گے۔
اس سڑک کے ذریعے چترال اور خیبر پختونخوا آسانی کے ساتھ تاجکستان کے ذریعے پوری وسطی ایشیا کے ساتھ جڑ جائینگے اور مستقبل میں واخان کے خطے میں بننے والے بڑے تجارتی مرکز کا اہم دروازہ بن جائے گا۔