بونی بوزوند روڈ کی تعمیر میں تاخیر اور غیر معیاری مٹیریل کا استعمال، وزیر اعظم معائنہ کمیشن نے نوٹس لے لیا

اشتہارات

اسلام آباد (چ،پ) وزیر اعظم کے معائنہ کمیشن (PMIC) نے ضلع اپر چترال کی اہم بونی، بزند، تورکہو روڈ کی چوڑائی اور کارپٹنگ کے منصوبے میں تاخیر اور مبینہ ناقص تعمیراتی معیار کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکومت خیبرپختونخوا کے متعلقہ حکام کو اعلیٰ سطحی اجلاس میں طلب کرلیا ہے۔

وزیر اعظم معائنہ کمیشن کی جانب سے جاری مراسلے نمبر 3(4)/DD-II/PMIC-2025 مورخہ 14 ستمبر 2026ء کے مطابق، چیئرمین پی ایم آئی سی نے جون 2025 میں ضلع چترال کا دورہ کیا تھا تاکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا جا سکے۔

دورے کے دوران مقامی لوگوں نے سڑک کی تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران مقامی آبادی کی جانب سے منصوبے پر کام کی سست رفتاری اور تعمیرات کے مبینہ غیر معیاری ہونے کے حوالے سے بارہا شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔

بعض مواقع پر بونی میں مقامی افراد اور منصوبے سے وابستہ عملے کے درمیان تلخ کلامی اور تنازع کی صورتحال بھی پیدا ہوئی۔وزیر اعظم معائنہ کمیشن نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی اور صوبائی حکومت کی جانب سے مالی وسائل مہیا کیے جانے کے باوجود منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہوسکا، جس کے باعث منصوبے کی لاگت اور تکمیل کے وقت میں اضافے کے خدشات پیدا ہوئے ہیں اور پی سی ون سمیت منصوبہ جاتی دستاویزات میں نظرثانی کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ معزز پشاور ہائی کورٹ کے نوٹس میں بھی آچکا ہے۔ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے علاوہ خصوصاً اسفالٹ بچھانے کے معیار پر بھی سنگین خدشات ظاہر کیے گئے ہیں اور الزام ہے کہ تعمیراتی کام مقررہ تکنیکی معیار کے مطابق نہیں ہو رہا۔

اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W)، حکومت خیبرپختونخوا کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 22 ستمبر 2026ء کو صبح 11:30 بجے وزیر اعظم معائنہ کمیشن، وزیر اعظم آفس اسلام آباد میں ذاتی طور پر اجلاس میں شرکت کریں۔

اجلاس میں متعلقہ حکام سے منصوبے کی عدم تکمیل کی وجوہات، وفاقی اور صوبائی فنڈز کی فراہمی کے باوجود پیش رفت کی صورتحال اور تعمیراتی کام کے معیار، بالخصوص اسفالٹ بچھانے کے معیار اور مقررہ تکنیکی اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ طلب کی گئی ہے۔

مراسلہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات، سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسلام آباد اور چیف پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کو ارسال کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ اجلاس میں زوم کے ذریعے شرکت کریں۔وزیر اعظم معائنہ کمیشن کی جانب سے یہ مراسلہ چیئرمین پی ایم آئی سی کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔