ڈی پی او ریشم جہانگیر کی کھلی کچہری، منشیات کے خلاف خصوصی مانیٹرنگ سیل اور ویمن پولیس اسٹیشن کے قیام کا اعلان

اشتہارات

چترال (چ،پ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر کی صدارت میں ڈسٹرکٹ پولیس لوئر چترال کے زیر اہتمام کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحصیل چترال کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور علاقے کو درپیش اہم سماجی اور امن و امان سے متعلق مسائل پولیس حکام کے سامنے پیش کیے۔

منشیات فروشی، سوشل میڈیا کے منفی اور غیر ذمہ دارانہ استعمال، خواتین کو درپیش مسائل، مقامی لڑکیوں کی چترال سے باہر شادیوں اور دیگر معاشرتی معاملات پر اپنے تحفظات اور تجاویز پیش کیں۔

ڈی پی او لوئر چترال ریشم جہانگیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چترال پولیس وادی سے منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے، لہٰذا شہری منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں بروقت اور درست معلومات پولیس تک پہنچائیں۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی پولیس منشیات فروشوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ سیل کے ذریعے نگرانی کر رہی ہے، جبکہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات زیر غور ہیں۔

سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے حوالے سے ڈی پی او نے کہا کہ ضلع میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن (NCCI) کا ایک ڈیسک قائم کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے سائبر کرائم اور سوشل میڈیا کے منفی استعمال سے متعلق شکایات اور مسائل سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے گا۔

ریشم جہانگیر نے بروز گاؤں سمیت مختلف حساس علاقوں میں پولیس گشت مزید بڑھانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے خواتین کو فوری انصاف، قانونی معاونت اور تحفظ کی فراہمی کے لیے لوئر چترال میں ویمن پولیس اسٹیشن کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

کھلی کچہری میں ایس ڈی پی او چترال سٹی احمد عیسیٰ اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز رحمن یوسف بھی موجود تھے۔

اس موقع پر الحاج عید الحسین، محمد افضل خان، ظہیر الدین، شاہ مراد بیگ، سیف الرحمن عزیز، محمد گل خان، امین الرحمن، دین محمد ندیم، وجاہت حسین، سجاد احمد، نور شاہدین، نعیم اختر اور دیگر شرکاء نے اپنے خیالات، مسائل اور تجاویز کا اظہار کیا۔

پی او لوئر چترال نے شہریوں کو یقین دلایا کہ کھلی کچہری میں اٹھائے گئے تمام جائز مسائل اور تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور پولیس کی سطح پر قابل عمل معاملات کے حل کےلئے عملی اقدامات کئے جائینگے۔