ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈینیشن کمیٹی لوئر چترال کا اہم اجلاس، امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

چترال (چ،پ)ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال میں ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈنیشن کمیٹی (DICC) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل ارسلان عبدالمجید اور ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے کی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ریشم جہانگیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹرز اور مختلف سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ منتظمین و نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، داخلی سیکیورٹی، بین الادارہ جاتی رابطہ کاری اور دیگر اہم انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے اپنے اپنے متعلقہ شعبوں کی کارکردگی، درپیش درپیش چیلنجز اور جاری انتظامی و سیکیورٹی اقدامات پر سیر حاصل تبادلۂ خیال کیا۔
اجلاس میں اس بات پر مکمل اتفاقِ رائے کا اظہار کیا گیا کہ ضلع میں پرامن ماحول کے قیام، عوامی تحفظ کے یقینی انعقاد اور مؤثر گورننس کی فراہمی کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔
اس مقصد کے لیے بروقت معلومات کے تبادلے اور مربوط حکمت عملی کو اپناتے ہوئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔