پاک فوج کے سینئر جنرل آفیسر جنرل عامر رضا کو نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا کمانڈر مقرر کر دیا گیا
وزیر اعظم شہباز شریف نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارش پر تعینات کا آرڈر جاری کر دیا

اسلام آباد( ن،ڈ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر انھیں کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر جنرل عامر رضا کو ترقی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے اس اہم ذمہ داری کی انجام دہی میں جنرل عامر رضا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد آرمی ایکٹ کے تحت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر کے اس کی جگہ کمانڈر آف نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ متعارف کروایا گیا تھا۔
آرمی ایکٹ میں ہونے والی اس ترمیم کے مطابق اس عہدے پر چیف آف ڈیفینس فورسز کی سفارش پر وزیراعظم پاکستانی بری فوج کے ایک جنرل کو تین سال کے لیے تعینات کر سکتے ہیں۔
آرمرڈ کور سے تعلق رکھنے والے جنرل عامر رضا نے پاکستانی فوج میں کمانڈ، سٹاف اور ادارہ جاتی سطح کے متعدد اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔
جنرل عامر رضا کی فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی سے قبل جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف جنرل سٹاف کے عہدے پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہ ڈائریکٹر جنرل ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کے عہدوں پر بھی تعینات رہے ہیں اور جی او سی انفنٹری ڈویژن کھاریاں کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔
وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں جبکہ برطانیہ سے ماسٹرز بھی کر چکے ہیں۔
جنرل عامر رضا نے اپریل 2020 میں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی کمان سنبھالی، جبکہ اکتوبر 2022 میں انھیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔
جنرل رضا کو اُن کے ملٹری کیریئر کے دوران ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے۔