تحریک مستوج بروغل روڈ کے لانگ مارچ کا خاتمہ، حکومت خیبرپختونخوا اور عوام کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

اشتہارات

اپرچترال (ا، چ،پ،ک) بروغل سے مستوج تک جاری عوامی لانگ مارچ کے خاتمے کے لیے تحریک مستوج بروغل روڈ اور حکومت خیبرپختونخوا کے درمیان 23 جولائی 2026 کو ایک اہم معاہدہ طے پا گیا۔

یہ معاہدہ اس وقت عمل میں آیا جب عوامی قافلہ بروغل سے مستوج ہوتے ہوئے ضلعی ہیڈکوارٹر بونی کی طرف روانہ تھا۔ فریق اول کی جانب سے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا ثریا بی بی نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے دیرینہ مطالبے کو جلد از جلد پورا کیا جائے گا۔

طے شدہ معاہدے کی اہم دفعات کے مطابق مستوج بروغل روڈ جو کہ 157 کلومیٹر پر محیط ہے، کے حوالے سے تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے پر 23 اگست 2026 کو بمقام مستوج چوک سے کام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی مکمل پابند اور ذمہ دار ہوں گی، 157 کلومیٹر طویل اس روڈ منصوبے میں سے فی الحال 20 کلومیٹر کا تعمیری کام ایک ماہ کے اندر شروع کیا جائے گا، پہلی شق میں مذکور تعمیری کام دوسری شق (20 کلومیٹر) کے پابند ہوں گے۔

ایک اور شق کے مطابق اس 20 کلومیٹر روڈ کے حوالے سے تمام قانونی تقاضے بشمول Administrative approval (pre PWDP) اور ٹینڈر کے مراحل ایک ماہ کے اندر مکمل کرکے فریق اول باقاعدہ کام کا عملی آغاز کرنے کی پابند اور ذمہ دار ہوگی جبکہ معاہدے کے تحت ڈپٹی کمشنر اپرچترال اس روڈ کی تعمیر کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی قائم کریں گے، جس کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ تحریک مستوج بروغل روڈ گزشتہ تین سالوں سے اس روڈ کی تعمیر کے لیے جدوجہد کر رہی تھی، جسے عوام کا بنیادی حق قرار دیا جاتا ہے۔

اس طویل احتجاج کے بعد اب اس معاہدے کے ذریعے عوام کو ایک بڑی کامیابی ملی ہے اور لانگ مارچ کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔