اپر چترال میں 21 جولائی کو ٹیکس نفاذ کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

اشتہارات

اپر چترال (چ،پ) ملاکنڈ ڈویژن کی ٹیکس فری حیثیت کے خاتمے اور ٹیکس نفاذ کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے سلسلے میں صدر انجمن تاجران ملاکنڈ، حاجی عبد الرحیم کی کال پر 21 جولائی بروز منگل اپر چترال میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔

صدر انجمن تاجران اپر چترال رحیم خان نے اعلان کیا ہے کہ ہڑتال کے دوران ضلع بھر کے تمام بازار اور کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہیں گے۔ ان کے مطابق جنرل اسٹورز، کپڑوں اور جوتوں کی دکانیں، ہارڈویئر اور الیکٹرانکس شاپس، میڈیکل اسٹورز، ہوٹل، ریسٹورنٹس، سبزی و فروٹ فروش، قصاب، بیکریاں اور دیگر تمام چھوٹے اور بڑے تجارتی مراکز ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں گے۔

رحیم خان نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کی ٹیکس فری حیثیت ختم کرنے کی ہر کوشش تاجروں کے لیے ناقابلِ بول ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اپنے آئینی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے کسی بھی ٹیکس کو قبول نہیں کیا جائے گا جو عوام اور کاروباری طبقے پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کا باعث بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپر چترال کی تاجر برادری ملاکنڈ ڈویژن کے دیگر اضلاع کے تاجروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہڑتال کو کامیاب بنائے گی۔