لوئر چترال پولیس کا منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے اہم اقدام، متعدد متاثرین بحالی مرکز منتقل کردئیے گئے

چترال(چ،پ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان (PSP) اور ڈاکٹر رفیق علی خان کی خصوصی دلچسپی کے تحت لوئر چترال پولیس نے منشیات ( آئس اور ہیروئن) کے عادی افراد کو علاج و بحالی کی غرض سے بحالی سنٹر پشاور منتقل کر دیا۔
بحالی کیلئے منتقل کئے گئے افراد کی تعداد 15 ہے جنہیں خصوصی انتظامات کے تحت چترال پولیس نے پشاور منتقل کردیا ہے۔
یہ اقدام منشیات کے عادی افراد کو علاج اور بحالی کی سہولیات فراہم کرنے، انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے اور منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے لوئر چترال پولیس کی جانب سے اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہے۔
لوئر چترال پولیس منشیات کے خلاف اپنی جاری مہم کے تحت نہ صرف منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لا رہی ہے بلکہ متاثرہ افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے میں باعزت مقام دلانے کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔