چترال، بونی، مستوج، شندور روڈ کی تعمیر میں تاخیر کا نوٹس، وزیر اعظم معائنہ کمیشن کے ممبر کا اپر چترال میں خصوصی اجلاس

چرون پل سے بونی پل تک 10 روز میں اسفالٹنگ شروع کرنے کی یقین دہانی، تاخیر برداشت نہ کرنے کا اعلان

اشتہارات

اپر چترال(چ،پ) وزیر اعظم انسپکشن کمیشن کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے اپر چترال کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص چترال، بونی ، مستوج شندور (CBMS) روڈ کی تعمیراتی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال کے دفتر کی طرف سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق اس اہم ملاقات میں وزیر اعظم انسپکشن کمیشن کے رکن شاہد احمد سندھو، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر چترال، ڈپٹی ڈائریکٹر وزیر اعظم انسپکشن کمیشن، جنرل منیجر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، پراجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے، متعلقہ ٹھیکیدار، فوکل پرسن عبدالولی ایڈووکیٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان نے کمیشن کی ٹیم کو سی بی ایم ایس روڈ پر جاری تعمیراتی کام میں تاخیر کے باعث عوام میں پائی جانے والی تشویش اور بے چینی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس اہم شاہراہ کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں تاخیر سے عوام کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے، لہٰذا کام کی رفتار میں فوری تیزی لانا ناگزیر ہے۔

وزیرِ اعظم انسپکشن کمیشن کی ٹیم نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ آئندہ دس روز کے اندر چرون پل سے بونی پل تک سڑک پر اسفالٹ بچھانے کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا جائے گا۔ ٹیم نے واضح کیا کہ منصوبے میں مزید کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو جلد از جلد بہتر سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے گی تاکہ تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر مرحوم ایگزیکٹو انجینئر ضیاء الرحمن کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے وزیرِ اعظم انسپکشن کمیشن کی ٹیم کے ہمراہ سی بی ایم ایس روڈ کے مختلف حصوں کا موقع پر معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسفالٹنگ کا کام مقررہ مدت کے اندر ہر صورت شروع کیا جائے گا تاکہ عوام کو درپیش سفری مشکلات کا جلد از جلد خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔