موجودہ بجٹ عوام کے لیے نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی ہدایات پر تیار کیا گیا/جے یو آئی کا شدید ردعمل

اسلام آباد (چ،پ)جمعیت علماء اسلام پاکستان نے حکومت کے پیش کردہ بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام دشمن قرار دیا ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ "بجٹ پاکستانی عوام کیلئے نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی ہدایات پر بنایا گیا ہے”۔
میڈیا کو جاری کئے گئے بیان میں محمد اسلم غوری نے بجٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بجٹ الفاظ کا گورکھ دھندہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی بجٹ حکومت کی طرح ہائیبرڈ اور زمینی حقائق کے منافی ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان نے کہا کہ بجٹ میں کسانوں اور زراعت کے شعبے کو خاطر خواہ ریلیف نہیں دیا گیا جس سے ملکی معیشت مزید متاثر ہوگی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس بجٹ سے غریب غریب تر اور متوسط طبقہ غریب ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ملکی معیشت کی بجائے قرضوں پر زیادہ انحصار کیا گیا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ مہنگائی کی شرح اور عوام کو دیے جانے والے ریلیف میں زمین آسمان کا فرق ہے، تعلیم، صحت اور بنیادی اشیائے ضرورت کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو بھی مہنگائی کے مطابق کوئی مناسب ریلیف نہیں دیا گیا۔
اسلم غوری نے کہا کہ اس بجٹ کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ ہو گا۔
اسلم غوری نے زور دیکر کہا کہ سیاسی استحکام اور امن و امان کے بغیر معاشی استحکام ناممکن ہے۔