سی اینڈ ڈبلیو اپر چترال کے ایکسین ضیاء الرحمن شادیر ریشن کے مقام پر کھائی میں گر کر جان بحق ہوگئے
متوفی بونی جاتے ہوئے شادیر کے مقام پر خراب سڑک پیدل عبور کرتے ہوئے پھسل کر کھائی میں گر گئے

چترال (بشیر حسین آزاد) سی اینڈ ڈبلیو اپر چترال کے ایکسین ضیاء الرحمن منگل کے روز شادیر، ریشن کے مقام پر سڑک بند ہونے کے باعث پیدل دشوار گزار راستہ عبور کرتے ہوئے گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لوئر چترال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بدھ کے روز انتقال کر گئے۔
مرحوم کا تعلق ضلع کرک سے بتایا جاتا ہے۔ ان کی جسد خاکی ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد آبائی گاؤں روانہ کر دی گئی۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ضلعی انتظامیہ، کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران، سرکاری افسران اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے مشترکہ فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
یہ افسوسناک واقعہ شادیر ریشن کے مقام پر موجود خستہ حال اور خطرناک راستے کی سنگینی کو ایک بار پھر نمایاں کرتا ہے۔ مقامی عوام طویل عرصے سے اس سڑک کی مرمت اور مستقل بحالی کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں، تاہم تاحال مؤثر اقدامات نہیں کیے جا سکے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق اس مقام پر ماضی میں بھی متعدد ٹریفک حادثات رونما ہو چکے ہیں اور کئی گاڑیاں حادثات کا شکار ہو چکی ہیں، جس سے اس راستے کے انتہائی خطرناک ہونے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق متوفی انجینئر ضیاء الرحمن کی نماز جنازہ 11 جون دن 10 بجے حیات آباد فیز 6 کے ابراہیم مسجد، ابراہیم پارک میں ادا کی جائے گی۔