کرپشن کیخلاف جماعت اسلامی لوئر چترال کا دھرنا اور آگاہی مہم شروع کرنے کا اعلان

اشتہارات

چترال(چ،پ) امیر جماعت اسلامی چترال وجیہ الدین نے اعلان کیا ہے کہ کرپشن کے خلاف جاری عوامی تحریک کے سلسلے میں 15 جون کو اتالیق پل چترال میں ایک عظیم الشان "عوامی جرگہ” منعقد کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ چترال میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن اور عوامی وسائل کی لوٹ مار کے خلاف عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ضلع بھر میں دستخطی مہم بھی چلائی جائے گی۔

جماعت اسلامی چترال لوئر کی طرف سے جاری کئے گئے پریس ریلیز کے مطابق جماعت اسلامی کے ضلعی امیر وجیہہ الدین نے  جماعت اسلامی چترال لوئر کے دفتر میں منعقدہ ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ضلع بھر میں کرپشن کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

وجیہ الدین نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر بے تحاشا کرپشن کے ذریعے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے، جس کے خلاف جماعت اسلامی ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بیداری مہم کے ذریعے شہریوں کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متحرک کیا جائے گا تاکہ بدعنوان عناصر کا مؤثر احتساب ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی چترال اس معاملے کو صرف عوامی سطح تک محدود نہیں رکھے گی بلکہ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف عدالتی اور قانونی راستہ بھی اختیار کیا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کرپشن کے خلاف اس جدوجہد میں بھرپور شرکت کریں اور عوامی جرگہ کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔