37 برس بعد دروش ہائی سکول کے اساتذہ اور سابق طلبہ کا یادگار اجتماع ، ماضی کی سنہری یادیں تازہ

دروش(چ،پ) گورنمنٹ ہائی سکول دروش کے 1985 تا 1989 بیچ کے سابق طلبہ اور ان کے اساتذۂ کرام کا ایک پروقار اور یادگار اجتماع منعقد ہوا جس میں کئی دہائیوں بعد اساتذہ اور ساتھیوں کی ملاقات نے جذباتی اور خوشگوار یادوں کو تازہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اولڈ بوائز ایسوسی ایشن گورنمنٹ ہائی سکول دروش کے زیر اہتمام دروش کے تاریخی سکول میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سابق طلبہ اور اساتذۂ کرام نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس موقع کو نہ صرف ماضی کی یادوں کو تازہ کرنے بلکہ باہمی روابط اور رفاقت کو مزید مضبوط بنانے کا ایک نادر موقع قرار دیا۔
تقریب کے دوران کئی ایسے ساتھی ایک دوسرے سے ملے جن کی میٹرک کے بعد گزشتہ 36 سے 37 برسوں میں پہلی مرتبہ ملاقات ہوئی۔ طویل عرصے بعد ہونے والی اس ملاقات کے دوران جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اور شرکاء نے اپنے تعلیمی دور کی یادیں ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیں۔
اجتماع میں شریک اساتذۂ کرام کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، بالخصوص ان اساتذہ کو جنہوں نے دور دراز علاقوں سے سفر کرکے اپنے سابق شاگردوں کی دعوت پر تقریب میں شرکت کی۔ شرکاء نے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اپنی کامیابیوں اور زندگی کی رہنمائی کا بنیادی ذریعہ قرار دیا۔
اس موقع پر مرحوم اساتذۂ کرام اور وفات پا جانے والے ساتھیوں کو بھی عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کیا گیا اور ان کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
مقررین نے اجتماع کے انعقاد کو ممکن بنانے والے منتظمین اور ان تمام ساتھیوں کی کاوشوں کو سراہا جن کی محنت سے برسوں بعد بچھڑے ہوئے ہم جماعت ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے اجتماعات کے ذریعے دوستی، محبت اور اخوت کے رشتوں کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر اساتذۂ کرام کی صحت و سلامتی، مرحومین کی مغفرت اور تمام شرکاء کے درمیان محبت، احترام اور رفاقت کے جذبے کے فروغ کے لیے خصوصی دعا کی گئی