پری شندور پولو ٹورنامنٹ چترال سکاؤٹس کی فتح کے ساتھ اختتام پذیر

پولو کا فائنل دیکھنے کیلئے ہزاروں تماشائی میدان میں موجود تھے، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل ارسلان مہمان خصوصی تھے

اشتہارات


چترال (بشیرحسین آزاد)پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 شاندار مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں چترال سکاوٹس اے نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال لیویز اے کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا، تاہم چترال سکاوٹس اے نے عمدہ ٹیم ورک اور جارحانہ کھیل کی بدولت کامیابی حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کے اختتام پر چترال سکاوٹس کے ٹیم کمانڈر صوبیدار میجر اسرار ولی خان کو مین آف دی ٹورنامنٹ جبکہ حوالدار آصف حسین کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن چترال لیویز کے ٹیم کپتان اظہار علی خان کے گھوڑے نے بیسٹ ہارس کا ایوارڈ حاصل کیا۔

فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل ارسلان تھے جنہوں نے کامیاب اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔

اس موقع پر انہوں نے فاتح ٹیم کے لیے دو لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔

پری شندور پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے چترال کے مختلف علاقوں کے علاوہ گلگت بلتستان، ملک کے دیگر شہروں اور بیرونِ ملک سے آنے والے فری اسٹائل پولو کے ہزاروں شائقین نے شرکت کی۔

ایک اندازے کے مطابق تقریباً تیس ہزار تماشائیوں نے فائنل میچ دیکھا اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

شائقین پولو نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں کھیلوں کے فروغ اور سیاحت کے لیے اہم قرار دیا۔