تیراہ میدان کے منتخب جرگہ ممبران اور اعلیٰ حکام کا ہیڈ کوارٹر فرنٹیئر کور قلعہ بالا حصار میں خیبر امن جرگہ

جرگے میں چیف سیکرٹری، آئی جی ایف سی اور آئی جی پولیس کے علاوہ تیراہ میدان کی 24 رکنی کمیٹی کے اراکین اور قبائلی مشران نے شرکت کی

اشتہارات

پشاور(چ،پ) ہیڈ کوارٹر فرنٹیئر کور، قلعہ بالا حصار پشاور میں تیراہ میدان کے منتخب جرگہ ممبران پر مشتمل ایک اہم خیبر جرگہ منعقد ہوا جس میں تیراہ میدان کی 24 رکنی کمیٹی کے اراکین، قبائلی مشران اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

جرگے میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (نارتھ)، آئی جی پولیس، کمشنر پشاور ڈویژن، سی سی پی او پشاور، ڈپٹی کمشنر خیبر، ڈی پی او خیبر سمیت دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران تیراہ میدان کے متاثرین کو درپیش مسائل، خطے کی امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ قبائلی عمائدین نے علاقے میں پائیدار امن کے قیام کو ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے حکومتی وعدوں پر جلد عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے قیامِ امن اور استحکام کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (نارتھ) نے کہا کہ خیبر کے علاقوں تیراہ میدان، اکا خیل، برقمبر خیل اور دیگر علاقوں میں امن و امان کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا، جبکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

جرگے کے اختتام پر شرکاء نے کامیاب انعقاد پر حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس نوعیت کے مشاورتی عمل کو علاقے کے مسائل کے حل اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔