چترال سکاؤٹس کے شہید جوان شیر حیات کو تمغہ بسالت بعد از شہادت سے نوازا گیا
شہید کے والد نے خصوصی تقریب میں آئی جی ایف سی نارتھ سے بیٹے کا اعزاز وصول کیا

پشاور(چ،پ)چترال سکاؤٹس کے شہید جوان شیر حیات کو تمغہ بسالت بعد از شہادت سے نواز گیا ، انکا اعزاز شہید کے والد صوبیدار ریٹائرڈ شیر محمد لال نے انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور نارتھ سے وصول کیا۔
تفصیلات کے مطابق کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں فرنٹیئر کور نارتھ کے زیر اہتمام عسکری اعزازات دینے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہداء کے لواحقین اور بہادر فوجی افسران کو ان کی جرات، فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کے اعتراف میں عسکری اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل راو عمران سرتاج تھے، جنہوں نے اعزازات تقسیم کیے اور شہداء و غازیوں کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کے دوران مجموعی طور پر 123 عسکری اعزازات تقسیم کیے گئے، جن میں شہداء کے 98 لواحقین کو تمغۂ بسالت عطا کیا گیا۔ اس کے علاوہ 6 افسران کو ستارۂ امتیاز (ملٹری) جبکہ 19 افسران کو تمغۂ امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔
اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی نے کہا کہ وطن کے دفاع، امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی
تمغہ بسالت حاصل کرنےوالوں چترال سکاؤٹس ، ایس او سی کے بہادر جوان شیر حیات شہید بھی شامل ہیں۔ شیر حیات نے 6 ستمبر 2023 کے دن بمبوریت کے سرحدی مقام استوئی میں افغانستان سے حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوگئے تھے۔