پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 کا ڈراز مکمل، ٹورنامنٹ 11 مئی سے شروع ہوگا

اشتہارات

چترال(بشیرحسین آزاد)پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 کے ڈراز کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال میں منعقد ہوئی جس میں صدر پولو ایسوسی ایشن شہزادہ سکندر الملک، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر ریاض احمد، فورسز اور سول کی مجموعی طور پر 63پولو ٹیموں کے کیپٹنز شریک ہوئے۔

شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا ٹاس 8 مئی جبکہ باقاعدہ آغاز 10 مئی کو ہونا تھا، تاہم سول کھلاڑیوں کی جانب سے گزشتہ سال کے فارمیٹ کے مطابق ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مطالبہ کیے جانے کے باعث 8 مئی کو ٹاس نہ ہوسکا تھا۔

دوسری جانب انتظامیہ نے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے تمام ٹیموں کے مابین مشترکہ ٹورنامنٹ کرانے کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کیا۔

آج ہونے والی میٹنگ میں انتظامیہ اور منتظمین نے سول کھلاڑیوں کو تحفظات کے باوجود ٹورنامنٹ میں شرکت پر آمادہ کیا، جس کے بعد بالآخر ٹاس کی کارروائی مکمل کر لی گئی۔

منتظمین کے مطابق اب پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 کا باقاعدہ آغاز 10 مئی کے بجائے 11 مئی سے ہوگا۔

پولو شائقین میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ امسال بھی یہ روایتی مقابلے بھرپور دلچسپی کا مرکز بنیں گے۔